1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی دفاعی بجٹ میں قریب تیرہ فیصد اضافے کا منصوبہ

5 مارچ 2011

عوامی جمہوریہ چین نے اپنے سالانہ دفاعی بجٹ میں اس سال دوبارہ 12 فیصد سے بھی زائد کی شرح سے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس بجٹ کی مالیت 92 بلین امریکی ڈالر کے قریب بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10Tv8
نیشنل پیپلز کانگریس کے ترجمان دفاعی بجٹ سے متعلق اعلان کرتے ہوئےتصویر: AP

بیجنگ میں جاری نیشنل پیپلز کانگریس کہلانے والی ملکی پارلیمان کے ترجمان اور سابق وزیر خارجہ لی ژاؤ شِنگ نے چینی پارلیمان کے سالانہ اجلاس میں منظوری کے لیے تیار کردہ بجٹ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سن 2011 کے لیے اس دفاعی بجٹ کی مالیت 601.1 بلین یوآن بنتی ہے۔ دفاعی بجٹ کی یہ مالیت ایک سال پہلے کے مقابلے میں 12.7 فیصد زیادہ ہے۔ اپنی مجموعی مالیت میں سال رواں کے لیے چین کا یہ دفاعی بجٹ 91.7 بلین امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

چینی حکومت نے گزشتہ برس ملکی دفاعی بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر زیادہ اضافہ نہیں کیا تھا۔ تاہم اس مرتبہ جو قریب 13 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اس کے بارے میں شروع ہی سے یہ بھی کہہ دیا گیا ہے کہ اس بجٹ میں اضافے کا مطلب بیرونی دنیا میں کسی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے ترجمان لی ژاؤ شِنگ نے نئے دفاعی بجٹ کی مالیت کا اعلان کرتے ہوئے یہ بات اس لیے بھی کہی کہ اس بجٹ میں اضافے پر بیرونی دنیا میں تشویش کا اظہار لازمی سی بات تھی۔

اس موقع پر پیپلز کانگریس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عوامی چین کے دفاعی بجٹ میں اضافے کے باوجود اس کی مجموعی قومی پیداوار کی شرحء فیصد کے حوالے سے مالیت مقابلتاﹰ کم ہے۔ ان کے بقول کئی ایشیائی اور مغربی ملک دفاع کے شعبے میں اپنی مجموعی قومی پیداوار کا جتنا حصہ استعمال کرتے ہیں، چین کی طرف سے نئی مختص کردہ رقوم کی GDP کے تناسب سے مالیت ان سے پھر بھی کم بنتی ہے۔

China Peking National People's Congress NPC Flash-Galerie
بیجنگ کےگریٹ ہال آف دی پیپل میں نیشنل پیپلز کانگریس کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر شرکاء قوی ترانے کے لیےکھڑے ہیںتصویر: AP

بیجنگ حکومت نے گزشتہ کئی برسوں سے ملکی دفاعی بجٹ میں دس فیصد سے زیادہ کے سالانہ اضافے کی پالیسی اپنا رکھی تھی، جس میں 2010ء میں استثنائی طور پر صرف 7.5 فیصد کا اضافہ کیا گیا تھا۔ عسکری ماہرین کا اس بارے میں کہنا ہے کہ چین میں حکومت کے اعلان کردہ دفاعی بجٹ کی مالیت مسلح افواج پر خرچ کی جانے والی رقوم کی اصل مالیت سے ہمیشہ کم ہی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ 2010ء میں اگر ڈیفنس بجٹ میں اعلان کردہ اضافہ 7.5 فیصد تھا، تو اس سال یہی اضافہ 12.7 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کی اصل مالیت بتائے گئے حجم سے زیادہ ہی رہے گی۔

عوامی جمہوریہ چین کی فوج پیپلز لبریشن آرمی دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے، جس کے دفاعی پروگراموں کو بیجنگ حکومت انتہائی خفیہ رکھتی ہے۔ سرکاری طور پر ہر سال بجٹ میں اضافے کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ مقصد صرف دفاعی نوعیت کی جدیدیت ہے تاکہ چین کی وسیع تر زمینی اور سمندری حدود کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں