1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیراعظم کی جاپانی ہم منصب سے ملاقات

31 مئی 2010

چینی وزیراعظم وین جیاباؤ پیر کے روز ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کا مقصد شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاملات کے حل کی کوشش ہے۔

https://p.dw.com/p/NdOQ
تصویر: AP

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ان کے جنوبی کوریائی صدر سے مذاکرات کے بعد ہو رہی ہے۔ اس ویک اینڈ پر چینی وزیراعظم وین جیاباؤ اور جاپانی وزیراعظم یوکیو یوتویاما نے جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک سے ملاقات کی تھی۔

شمالی کوریا کے مبینہ تارپیڈو حملے میں جنوبی کوریا کی بحریہ کے ایک جہاز کی تباہی اور غرقابی کے بعد دونوں کوریائی ریاستوں میں کشیدگی شدید نوعیت اختیار کر چکی ہے۔

رواں برس مارچ کے اس واقعے میں جنوبی کوریا کی بحریہ کے 46 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ چین، شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں سخت کرنے اور دباؤ شدید تر کرنے کے خلاف ہے۔ دوسری جانب واشنگٹن، سیئول اور ٹوکیو کی خواہش ہے کہ بیجنگ کو شمالی کوریا کے خلاف دباؤبڑھانے کی کوششوں میں شریک کیا جائے۔

چینی اور جاپانی وزرائے اعظموں کے درمیان اس ملاقات میں اس مسئلے کے علاوہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان ہونے والی حادثاتی جھڑپوں کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ مشرقی چین اور جاپان کے درمیان سمندر میں چینی بحریہ کی بڑی سرگرمیوں پر ٹوکیو کو تحفظات ہیں جبکہ اس سمندری علاقے میں تیل اور گیس کے ذخائر کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان سرحدی جھگڑے حل طلب ہیں۔

Gipfel China Japan Südkorea
جنوبی کوریا میں تینوں رہنما ملاقات کے بعدتصویر: AP

اس ملاقات سے قبل جاپانی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مشرقی چینی سمندر اور بحر اوقیانوس میں بڑھتی ہوئی چینی سرگرمیوں پر جاپان کو سخت تشویش ہے۔ متوقع طور پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں جاپان، بحری ہاٹ لائن قائم کرنے کے لئے بیجنگ پر دباؤ ڈالے گا تاکہ حادثاتی بحری جھڑپوں سے بچا جا سکے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے جون 2008ء میں ایک معاہدہ بھی طے پایا تھا تاہم اس معاہدے پر کوئی عمل درآمد دکھائی نہیں دیا ہے۔

مشرقی چینی سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی مشترکہ کوششوں کے حوالے سے امور اس ملاقات میں زیر بحث رہیں گے۔ گزشتہ برس ستمبر میں برسراقتدار آنے والے جاپانی وزیراعظم یوتویاما نے چین کے ساتھ مذاکرات کا عندیہ دیا تھا۔ یوتو یاما کو یورپی طرز کی ایشیائی کمیونٹی کے قیام کے خیالات کا حامی سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں