1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی گراں پری: سباستیان فیٹل فاتح

Abid Hussain Qureshi19 اپریل 2009

موٹر سپورٹس اب ایک انتہائی تجسس اور پرکشش سپورٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ موٹر سپورٹس میں فارمولا ون کار ریسنگ کی اپنی شان ہے۔ سالِ رواں کی تیسری ریس، چینی گراں پری کو جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے جیت لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HZyC
چین گراں پری کے فاتح: سباستیان فیٹل (بیچ میں )تصویر: AP

چین کے شہر شنگھائی میں شدید بارش نے بھی جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کے حوصلے کو کم نہیں کیا۔ چین گراں پری میں اُنہوں نے انتہائی شاندار مہارت اور کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے باوقار فتح حاصل کی ۔ اُن کی ٹیم ریڈ بُل( Red Bull ) کو پہلی دونوں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اُن کے ساتھی مارک ویبر( Mark Webber ) دوسرے مقام پر رہے۔

پہلی دونوں گراں پری ریس جیتنے والے جینسن بٹن کو چین گراں پری میں تیسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔ بٹن اب بھی ڈرائیور چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہیں۔ بٹن کے ساتھی Rubens Barrichello کو چوتھی پوزیشن حاصل ہوئی۔

Formel 1 in China - Sebastian Vettel
چین گراں پری: فیٹل گاڑی چلاتے ہوئےتصویر: AP

چین گراں پری میں کامیابی سباستیان فیٹل کی دوسری ہے۔ اِس سے پہلے گزشتہ سال سب سے کم عمر ڈرائیور کے طور پر وہ اطالوی گراں پری ریس جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اکیس سالہ فیٹل نے اِس کامیابی کو شاندار کہا۔ اِس کامیابی سے جرمن ڈرائیور نے ڈرائیور چیمپیئن شپ میں بھی اپنے پوائنٹس کا کھاتہ کھول لیا ہے۔ سباستیان فیٹل نے چین گراں پری میں گیارہ سیکنڈ کی سبقت سے کامیابی حاصل کی۔

بارش کی وجہ سے کئی گاڑیوں کو حادثے کا شکار ہونا پڑا۔ ٹریک گیلا ہونے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو بڑی مہارت کے ساتھ ٹریک میں رہنا پڑا۔ گاڑیوں کے کنٹرول میں دشواری کا بھی سامنا رہا۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں فلپ میسا بھی شامل تھے۔

Formel 1 in China - Sebastian Vettel
چین گراں پری: سباستیان فیٹل سبقت کے ساتھ سب سے آگےتصویر: picture-alliance/ dpa

فرنانڈو آلانسو کو پول میں بہتر پوزیشن ضرور حاصل تھی لیکن امکاناً بارش کی وجہ سے وہ کوئی بڑی کارکردگی دکھانے میں ایک بار پھر ناکام رہے۔ وہ نویں پوزیشن پر رہے۔ دفاعی چیمپیئن لوئیس ہملٹن بھی کوئی بڑا تاثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ اُن کے حصے میں چھٹی پوزیشن آئی۔

گیلے موسم میں مکمل کی جانے والی چین گراں پری کے دوران کامیابی حاصل کرنے والے فیٹل کی گاڑی بھی ایک مرحلے پر حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچی تھی۔ اُن کی گاڑی سے ایک اور ڈرائیور Sebastien Buemi کی کار ٹکرائی ضرور لیکن کوئی بڑا نقصان نہ ہوا اور فیٹل اپنی ریس جاری رکھنے میں کامیاب رہے۔

شنگھائی میں قائم ٹریک خاصا مشکل تصور کیا جاتا ہے۔ ٹریک کی لمبائی ساڑھے پانچ کلو میٹر کے قریب ہے اور کل چھپن چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔ ٹریک پر موڑ کے علاوہ کچھ سیدھا راستہ بھی ہے جہاں ڈرائیور اچھی سپیڈ پکڑنے کے اہل ہوتے ہیں۔

چین گراں پری اِس سال کی تیسری ریس ہے اور اِس میں بھی مشہورِ زمانہ فراری گاڑی کوئی بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں اب تک ناکام ہے۔ گزشتہ ستائیس سالوں میں فراری ٹیم کے لئے یہ خراب ترین کارکردگی ہے۔

فارمولاون کار ریس میں اگلی ریس اگلے اتوار کو خلیجی ریاست بحرین میں شیڈیول ہے بحرین کے سخیر ٹریک پر میلا سجایا جائے گا۔ بحرین گراں پری کے بعد ڈرائیور یورپ پہنچیں گے۔