1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں زیرتعمیر پاور پلانٹ منہدم، ساٹھ سے زائد ہلاک

عابد حسین
24 نومبر 2016

چین کے مشرقی حصے میں ایک زیرتعمیر پلانٹ کا پلیٹ فارم گرنے سے درجنوں ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران چین میں انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے یہ ایک بڑا ہلاکت خیز واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/2TAfF
China Einsturz einer Bauplattform im Kraftwerk Fengcheng
تصویر: picture-alliance/ZumaPress/Xinhua/Wan Xiang

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وسطی صوبے ژیانگشی کے مقام فینگ چینگ میں زیر تعمیر پاور پلانٹ کا ایک وسیع اور بڑا پلیٹ فارم گرنے سے کم از کم ستر مزدور متاثر ہوئے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے نے ہلاکتوں کی تعداد 67 بتائی ہے۔ ستر میں سے ایک شخص کے لاپتہ ہونے کا بتایا گیا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔

پاور پلانٹ کا گرنے والا پلیٹ فارم کنکریٹ کا بنا ہوا تھا اور اُس پر کئی قسم کے پائپ بھی نصب کیے جا چکے تھے۔ منہدم ہونے والا مقام پاور پلانٹ کے لیے کولنگ مرکز کے طور پر تعمیر کیا جا رہا تھا۔ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن میں پانچ سو افراد ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں بتیس فائر انجن اور 212 فوجی اہلکار ہیں۔ یہ حادثہ آج جمعرات، چوبیس نومبر کی صبح پیش آیا۔

فینگ چینگ کے مقام پر پہلے سے موجود پاور پلانٹ میں توسیع کر کے ایک ہزار میگا واٹ کے بجلی پیدا کرنے والے دو پلانٹوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ یہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا مرکز ہے۔ اس کی تعمیر سن 2018میں مکمل ہونی ہے۔ یہ پراجیکٹ ایک بلین ڈالر سے زائد کا بتایا گیا ہے۔

China Einsturz einer Bauplattform im Kraftwerk Fengcheng
جس پلانٹ پر حادثہ رونما ہوا ہے، وہ وسطی چینی صوبے ژیانگشی میں واقع ہےتصویر: picture-alliance/ZumaPress/Xinhua/Wan Xiang

حادثے کی خبر عام ہونے کے بعد گینِنگ فینگ چینگ پاور پلانٹ کے ملکیتی ادارے کی حصص میں کمی واقع ہو گئی ہے۔ اس باعث ملکیتی ادارے کو لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

چین میں صنعتی سیفٹی ضوابط میں خامیوں کے حوالے سے سماجی اور مقامی کارکنوں کا واویلا سامنے آتا رہتا ہے۔ رواں برس ڑیانگ شی صوبے کے ہمسائے میں واقع صوبے ہوبئی میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے ایک پلانٹ میں رونما ہونے والے حادثے میں اکیس انسانی جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔

اسی سال کے دوران مشرقی چین میں کیمیاوی مواد کے لیک ہونے کے واقعے میں 130 افراد کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا تھا۔ اسی برس ساحلی صوبے ژیانگ سُو میں ایک کیمیکل پلانٹ میں لگنے والی خوفناک آگ کو سولہ گھنٹوں کی مشقت سے پانچ سو فائر فائٹرز نے قابو کیا تھا۔