1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین نے ناروے کے ساتھ وزارتی اجلاس منسوخ کر دیا

12 اکتوبر 2010

چین نے ناروے کے ساتھ اپنا ایک وزارتی اجلاس منسوخ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ چینی حکومت کے نقاد لِیُو ژياؤبو کے لئے نوبل امن انعام کے اعلان کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PcmJ
تصویر: AP

یہ اجلاس دونوں ممالک کے ماہی گیری کے حکام کے درمیان بدھ کو بیجنگ میں ہونے والا تھا۔ اوسلو میں ملکی وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی ہے کہ بیجنگ میں حکام نے یہ دوطرفہ اجلاس منسوخ کر دیا ہے۔ اوسلو میں حکام نے بتایا، ’ہمیں یہ وجہ بتائی گئی ہے کہ ہمارے ہم منصب چینی حکام کو دیگر مصروفیات آن پڑی ہیں۔‘

اس اجلاس میں ناروے کی ماہی گیری کی خاتون وزیر اور چین کے فشریز کے نائب وزیر شرکت کرنے والے تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس وزارتی اجلاس کی منسوخی کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔ تاہم ناروے میں بیجنگ حکومت کے اس اقدام کو لِیُو ژياؤبو کے لئے اس نوبل انعام سے جوڑا جا رہا ہے، جس کا اعلان ناروے کی نوبل کمیٹی نے گزشتہ جمعہ کو کیا تھا۔

چینی حکام نے نوبل امن انعام کمیٹی کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ ژیاؤبو کے لئے نوبل انعام کا اعلان نہ کیا جائے۔ ژیاؤبو کو اس اعزاز کے لئے کمیٹی کے پانچ ایسے ارکان نے چنا، جو ناروے کے پارلیمنٹ کی جانب سے مقرر کئے جاتے ہیں مگر اپنے فیصلے میں آزاد ہوتے ہیں۔

Norwegen China Friedensnobelpreis 2010 an Liu Xiaobo
لِیُو ژياؤبوتصویر: AP/Kyodo News

جمعہ کو نوبل امن انعام کے اعلان کے تھوڑی ہی دیر بعد بیجنگ حکام نے ناروے کے سفیر کو ملکی وزارت خارجہ میں طلب بھی کر لیا تھا۔

لِیُو ژیاؤبو چین کی ایک جیل میں 11 برس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ تاہم چینی حکام نے اتوار کو ان کی اہلیہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دے دی تھی۔ ہانگ کانگ میں قائم انسانی حقوق کی تنطیم انفارمیشن سینٹر برائے انسانی حقوق و جمہوریت کے مطابق ژیاؤبو نے حکام کی جانب سے اجازت کے بعد اتوار کو اپنی اہلیہ سے ملاقات کی۔ امریکی صدر باراک اوباما سمیت کئی عالمی رہنما چینی حکومت پر اس سرکردہ سیاسی منحرف کی رہائی کے لئے زور دے چکے ہیں۔

ناروے کے ذرائع ابلاغ کے مطابق چین ناروے کی ماہی گیری کی برآمدات کے لئے اہم مارکیٹ بن چکا ہے اور ان برآمدات کا حجم 24 کروڑ یورو کی سطح سے اوپر جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں