1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین کی مکمل ٹیم 28 رنز پر آوٹ

23 اپریل 2017

ورلڈ کرکٹ لیگ کے علاقائی کوالیفائینگ میچ میں چین کی کرکٹ ٹیم کو سعودی عرب کے ہاتھوں 390 رنز سے ناقابل فراموش شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تھائی لینڈ میں چین کی ساری ٹیم بمشکل اٹھائیس رنز بنا سکی۔

https://p.dw.com/p/2bkOM
China Cricket
تصویر: Imago/Xinhua

سعودی عرب کی ٹیم نے پہلے بیٹینگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چین کے خلاف 418 کا انتہائی بڑا اسکور بنایا۔ سعودی ٹیم کی جانب سے محمد افضل نے سینچری بنائی جبکہ کپتان شعیب علی چوبیس گیندوں پر پچاس رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

 جواب میں چینی ٹیم صرف 12.4 اوورز ہی کھیل سکی۔ چین کی طرف سے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی نے 13 رنز بنائے۔

کسی بھی بین الاقوامی ون ڈے میچ میں سب سے کم اسکور بنانے کا ریکارڈ زمبابوے کو حاصل تھا۔ سن 2004 میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے پچاس اوورز کے ون ڈے میچ میں زمبابوے کی ٹیم صرف 35 رنز بنا سکی تھی۔

لیکن چین کی کرکٹ ٹیم کی یہ کارکردگی ویسٹ انڈیز کی انیس برس سے کم عمر کھلاڑیوں کی ٹیم کے ایک روزہ اس بین الاقوامی میچ سے بہتر ہے، جو اس نے کیربیئن ملک بارباڈوس کے خلاف گیانا میں کھیلا تھا۔ سن 2007 میں ہونے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی انڈر نائنٹین ٹیم صرف 18 اسکور بنا سکی تھی۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ سعودی کرکٹ ٹیم کے لیے سن 2023ء  کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کی جانب یہ پہلا قدم ہوگا۔ گزشتہ روز یہ میچ تھائی لینڈ کے شمالی شہر چیانگ مئی میں کھیلا گیا۔

دیگر کئی ملکوں کے ساتھ ساتھ اس ٹورنامنٹ میں تھائی لینڈ، بحرین، بھوٹان، کویت اور قطر کی کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔