1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چیونٹیاں کھانے والا چھ دن تک بغیر پانی کے زندہ‘

عاطف توقیر13 اکتوبر 2015

مغربی آسٹریلیا کے انتہائی گرم علاقے میں گم ہو جانے والا ایک 62 سالہ شکاری مل گیا ہے۔ یہ شخص چھ دن تک بغیر پانی کے زندہ رہا اور اس دوران سیاہ چونٹیاں اس کی واحد خوراک تھیں۔

https://p.dw.com/p/1GnFB
Australien Wüste
تصویر: DW/H. Franzen

مقامی پولیس نے منگل کے روز بتایا کیا گزشتہ بدھ کو ریگ فوگڈی نامی یہ شوقیہ شکاری مغربی آسٹریلیا میں واقع گریٹ وکٹوریا صحرا میں ایک اونٹ کے تعاقب میں اپنی گاڑی سے نکلا تھا اور گم ہو گیا۔ یہ گاڑی اس کا بھائی ہی چلا رہا تھا۔ بدھ کی شام اس واقعے کے بعد گاڑی میں موجود بھائی نے خاصا انتظار کرنے کے بعد حکام کا فوگڈی کی گم شدگی کی اطلاع دی اور اس شکاری کی کھوج شروع کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق یہ شخص اس دوران اس صحرائی اور انتہائی گرم علاقے میں پانی کے بغیر زندہ رہا اور سیاہ چونٹیاں پکڑ پکڑ کا کھاتا رہا۔

پولیس کے مطابق منگل کے روز یہ شخص گم شدگی کے مقام سے 15 کلومیٹر دور ایک جگہ پر ایک درخت کے نیچے بیٹھا تھا اور حواس باختہ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آخری دو روز اس شخص نے اس درخت کے نیچے بیٹھے بیٹھے چونٹیاں کھانے میں گزارے۔ مقامی پولیس سپریٹنڈنٹ گریٹ ووڈ کے مطابق، ’جب ہم نے اسے ڈھونڈا، اس وقت اس کے جسم میں پانی کی شدید کمی تھی، یہ سمت کے تعین سے محروم ہو چکا تھا اور اس کے ہوش و حواس قائم نہیں تھے۔‘

پولیس نے بتایا کہ اس موقع پر طبی عملہ فوری طور پر طلب کیا گیا، جہاں فوگڈی کو مائعات دیے گئے، جس کے بعد جلد اس کی طبیعت بحال ہونے لگی۔

’’اچھی خبر یہ ہے کہ اب یہ بیٹھ کر ہم سے باتیں کرنے کے قابل ہو گیا ہے۔‘

بتایا گیا ہےکہ آسٹریلیا کی ’فلائنگ ڈاکٹر سروس‘ نے اسے برآمدگی کے مقام سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریب واقع کیلگورلی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اب یہ داخل کر لیا گیا ہے اور اس کی طبیعت مستحکم ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 37 درجہ حرارت میں یہ دونوں بھائی شکار کے دورے کے بعد شمال مشرقی علاقے لیورٹن کی جانب جا رہے تھے۔ شکار کے مقام سے یہ علاقہ 170کلومیٹر دور تھا، جب فوگڈی ایک اونٹ کو شکار کرنے کے چکر میں گاڑی سے نکلا اور گم ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اس وقت فوگڈی نے ایک ٹی شرٹ، جانگیا اور ٹوپی پہن رکھی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اتنے روز تک بغیر خوراک اور پانی کے فوگڈی کا زندہ رہ جانے کسی معجزے سے کم نہیں۔