1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات

19 اگست 2017

جرمن ڈاکٹر رُوتھ فاؤ کی آخری رسومات آج کراچی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہیں۔ وہ مختصر علالت کے بعد 10 اگست کو کراچی ہی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/2iUju
Pakistan Staatsbegräbnis für Deutsche Ruth Pfau
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Khan

ڈاکٹر روتھ کیتھرینا مارتھا فاؤ 1962 میں پاکستان آئی تھیں جہاں انہوں نے جذام کے مریضوں کے لیے کراچی میں کلینک قائم کیا۔ ان کی کوششوں کی بدولت 1996 عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو جذام کے مرض سے قابو پانے والا ایشیا کا پہلا ملک قرار دیا۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ نو ستمبر 1929ء کو جرمنی کے شہر لائپزگ میں پیدا ہوئیں۔ حکومت پاکستان نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز، ستارہ قائداعظم اور نشان قائداعظم سے نوازا۔

آج ہفتہ 19 اگست کو میری ایڈیلیڈ لپروسی سینٹر میں عملے اور مریضوں کو ڈاکٹر روتھ فاؤ کا آخری دیدار کرا گیا جس کے بعد ان کے تابوت کو قومی پرچم میں لپیٹ کر توپ گاڑی میں سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ لایا گیا۔ ڈاکٹر روتھ فاو کو ان کی وصیت کے مطابق سرخ لباس پہنایا گیا تھا۔ پاک فوج کے دستے نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو سلامی دی، ڈاکٹر رتھ فاؤ کو آرٹلری گنز کی سلامی دی گئی اور ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ پہنچایا گیا۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات میں گورنر زبیر عمر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر اور پاکستان میں متعین جرمن سفیر سمیت دیگر شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔

Pakistan Staatsbegräbnis für Deutsche Ruth Pfau
ڈاکٹر روتھ فاو کو ان کی وصیت کے مطابق سرخ لباس پہنایا گیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Khan

پاکستان میں متعین جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے ڈوچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر روتھ فاو کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ میڈم فاؤ ایک عظیم خاتون تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی اور آج میں اس عظیم ہستی کو سلام پیش کرنے ہی آیا کراچی آیا ہوں۔‘‘

پاکستان آرمی کی جانب سے ڈاکٹر روتھ فاؤ کو انیس توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی کے گورا قبرستان میں سپرد خاک کیا جا رہا ہے۔