1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پاکستانی قومی اسمبلی کی نئی اسپیکر

19 مارچ 2008

بدھ 19 مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی 51 سالہ رکنِ پارلیمان ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو 249 اراکین کی بھاری حمایت کے ساتھ تیرہویں پاکستانی قومی اسمبلی کی اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ اُن کے گھرانے کا سیاست کے ساتھ روایتی تعلق رہا ہے اور اُن کے والد کے ساتھ ساتھ اُن کے بھائی اور شوہر بھی قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYDX
پاکستان میں وزارتِ عظمےٰ کے سرکردہ ترین اُمیدوار مخدوم امین فہیم
پاکستان میں وزارتِ عظمےٰ کے سرکردہ ترین اُمیدوار مخدوم امین فہیمتصویر: AP

اِس قومی اسمبلی میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سمیت خواتین اراکینِ پارلیمان کی مجموعی تعداد 76ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ منتخب ہونے کے بعد کوئی تقریر کرنے کی بجائے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اسمبلی کی کارروائی سنبھال لی اور اُنہوں نے ہی بعد ازاں پیپلز پارٹی ہی کے فیصل کریم کُنڈی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

متحدہ اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے نئی اسپیکر کے ساتھ مثبت توقعات کا اظہار کیا۔ نئی مخلوط حکومت کے قیام کی خواہاں جماعتوں کو اسپیکر کے انتخاب کے لئے تو دو تہائی اکثریت حاصل ہو گئی لیکن اِس حکومت کا سربراہ یعنی اگلا وزیر اعظم کون ہو گا، یہ بات بدستور پردہء ابہام میں ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کو مشرف کیمپ کے ساتھ اپنے رابطوں کی وجہ سے مختلف حلقے اِس عہدے کے لئے ناقابلِ قبول قرار دے رہے ہیں، تاہم امین فہیم نے آج اپنی پوزیشن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی مشرف کیمپ سے جا کر ملے، محض پارٹی قیادت کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے ملے۔

تازہ خبروں کے مطابق نئے وزیر اعظم کے نام کا اعلان بے نظیر بھٹو مرحومہ کے 19 سالہ بیٹے بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔