1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاکیے چاہے جرمن ہوں، کتے تو کاٹیں گے: سالانہ ڈیڑھ ہزار زخمی

مقبول ملک
27 نومبر 2016

جرمنی میں ہر سال قریب ڈیڑھ ہزار ڈاکیوں کو ان کے روزانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کتے کاٹ لیتے ہیں۔ یہ بات جرمنی کی سب سے بڑی پوسٹل کمپنی ڈوئچے پوسٹ کے سربراہ نے بتائی۔ ڈوئچے پوسٹ کے ملازم ڈاکیوں کی تعداد ایک لاکھ ہے۔

https://p.dw.com/p/2TJvI
Deutschland Wirtschaft Deutsche Post muss Beihilfe zurückzahlen Briefträger
تصویر: dapd

جرمنی کے مالیاتی اور کاروباری مرکز فرینکفرٹ سے اتوار ستائیس نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ڈوئچے پوسٹ کے سربراہ فرانک آپَیل نے اخبار ’بِلڈ اَم زَونٹاگ‘ میں آج شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمن پوسٹ، جو ماضی میں ایک سرکاری ادارہ تھی اور برسوں پہلے نج کاری کے بعد سے ملک کی سب سے بڑی پوسٹل کمپنی ہے، کے لیے کام کرنے والے ڈاکیوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے۔

ڈوئچے پوسٹ کے سربراہ نے کہا، ’’ہمارے ادارے کے ڈاک تقسیم کرنے والے خواتین و حضرات کو خاص طور پر یہ تربیت بھی دی جاتی ہے کہ اچانک کسی خطرناک کتے کا سامنا ہو جانے پر انہیں کیا کرنا چاہیے۔‘‘

اس کے باوجود ان مردوں اور خواتین میں سے ہر سال قریب 1500 کو کتے کاٹ لیتے ہیں۔ ’’کسی کتے کی طرف سے کاٹے جانے کے نتیجے میں زخمی ہونے پر ایسے ملازمین کو اپنا علاج بھی کرانا ہوتا ہے اور علاج کے عرصے کے دوران وہ کام پر بھی نہیں آ سکتے۔‘‘

اپنے اس انٹرویو میں ڈوئچے پوسٹ کے سربراہ آپَیل نے جرمن صارفین سے یہ درخواست بھی کی کہ اگر کسی کے گھر میں کوئی خطرناک کتا ہو اور دروازے پر یا گلی میں ڈاکیا کھڑا ہو، تو اپنی ڈاک وصول کرنے والے شہری کو اس دوران اپنے کتے کو گھر کے اندر ہی رکھنا چاہیے۔

Hundetraining für Postboten
کتے کا رویہ دوستانہ ہو تو کسی بھی عام شہری کی طرح ڈاکیے اسے پیار کرنے سے بالکل نہیں ہچکچاتےتصویر: picture-alliance/dpa
DHL-Paketkopter
ڈوئچے پوسٹ کی طرف سے استعمال کیا جانے والا ایک ’پیکٹ کاپٹر‘تصویر: picture-alliance/dpa/I. Wagner

ڈاکیوں کے بجائے ڈرونز

ایک سوال کے جواب میں فرانک آپَیل نے بتایا کہ ان کا ادارہ عام خطوط اور پیکٹوں کی شہریوں کو ترسیل کے لیے بہت چھوٹے کارگو ڈرونز کے ممکنہ  استعمال پر اپنی ریسرچ جاری رکھے ہوئے ہے تاہم پوسٹل ڈرونز کے استعمال سے پہلے اس بارے میں حکومت کی طرف سے واضح قانون سازی لازمی ہو گی۔

پوسٹل ڈرونز کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ انہیں استعمال کرنے والے پوسٹل ملازمین کو اس حوالے سے باقاعدہ لائسنس بھی لینا پڑیں گے۔

جرمنی میں ایسے پوسٹل ڈرونز کا تجرباتی استعمال جاری ہے اور فی الحال انہیں صرف بہت دور افتادہ مقامات پر ڈاک کے ذریعے ادویات وغیرہ کی ترسیل کے لیے ہی استعمال کیا جاتا ہے۔