1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈونلڈ ٹرمپ سے اچھے تعلقات، پاکستانی وزارت خارجہ سرگرم

4 دسمبر 2016

پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کا دورہ کریں جبکہ پاکستانی وزیراعظم آئندہ ماہ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے واشنگٹن جا سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2TiO8
Donald Trump telefoniert
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Rourke

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نومنتخب امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ سے ملنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے وہ آئندہ ماہ امریکا کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ ان کے اس ممکنہ دورے کے بارے میں قیاس آرائیاں گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔

نواز شریف کا ڈونالڈ ٹرمپ کو تہنیتی فون، متن جاری

نیوز ایجنسی پی ٹی آئی اور پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق خارجہ امور میں پاکستانی وزیراعظم کے معاون طارق فاطمی اتوار کے روز امریکا روانہ ہو رہے ہیں تاکہ وزیراعظم کے ممکنہ دورے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ طارق فاطمی دس روز تک امریکا میں قیام کریں گے اور اس دوران وہ ٹرمپ کی انتظامی ٹیم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔

Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
پاکستانی وزیراعظم آئندہ ماہ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے واشنگٹن جا سکتے ہیںتصویر: Getty Images/A.Jocard

بتایا گیا ہے کہ فاطمی نو منتخب صدر کی ٹیم کو پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف کردار جبکہ افغانستان اور بھارت کے لیے پاکستانی خارجہ پالیسی سے آگاہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مابین ملاقات طے کرنے کی کوششوں میں ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف، ٹرمپ کی بطور صدر تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے بھی ایسی کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف اٹھارہ یا انیس جنوری کو امریکا جا سکتے ہیں لیکن وہ یہ دورہ اسی صورت میں کریں گے اگر ان کی نئے امریکی صدر سے ملاقات طے پا گئی۔

ٹرمپ پہلے ہی اپنی عارضی ٹیم کو احکامات جاری کر چکے ہیں کہ وہ غیر ملکی رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ نیویارک میں ان کے ہیڈکوارٹرز میں ان سے تعارفی ملاقاتیں کریں۔

طارق فاطمی اپنے دورے کے دوران امریکی کانگریس اور سینیٹ کے اراکین سے ملاقاتیں بھی کریں گےتاکہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ پاکستانی مشیر امریکی تھنک ٹینک کے اراکین سے بھی ملیں گے تاکہ انہیں خطے میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی امن کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔