1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈونلڈ ٹرمپ کی لندن کے میئر صادق خان پر تازہ تنقید

صائمہ حیدر
5 جون 2017

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان پر اپنی حالیہ تنقید میں کہا ہے کہ ہفتے کے روز لندن میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں دیے گئے صادق خان کے بیانات ’قابلِ رحم‘ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2e9I0
Mahnwache nach Anschlag in London - Sadiq Khan
تصویر: picture-alliance/dpa/PA Wire/L. Hurley

ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد مئیر صادق خان کے اُس بیان پر کڑی تنقید کی ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ،’’ تشویش کی کوئی بات نہیں۔‘‘ ٹرمپ نے خان کے اس بیان پر اپنے ٹویٹ میں لکھا،’’ لندن کے میئر صادق خان کی جانب سے یہ ایک قابلِ افسوس عٰذر ہے۔‘‘

ٹرمپ نے میڈیا پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ خان کے اس بیان کی مارکیٹنگ کرنے کے لیے میڈیا نے بہت محنت کی ہے۔ صادق خان نے ٹرمپ کے اس تنقید سے ایک روز قبل لندن کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں تاہم اُن کے اس بیان کو غلط تناظر میں لینے پر خود امریکی صدر کو بھی تنقید کا سامنا ہے۔

 لندن شہر کے میئر نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا،’’ لندن میں آج اور آئندہ کچھ روز تک پولیس کی زیادہ نفری تعینات رہے گی۔ بظاہر تشویش کی کوئی بات نہیں۔‘‘

اتوار کے روز ٹرمپ کی جانب سے صادق خان پر تنقیدی ٹویٹ پیغامات کے بعد خان کے لندن آفس کی جانب سے کہا گیا ،’’ لندن کے میئر کو ٹرمپ کے ناقص معلومات پرکیے جانے والے ٹویٹس پر توجہ مرکوز کی ضرورت نہیں کیونکہ انہیں اِن سے زیادہ اہم کام انجام دینے ہیں۔‘‘