1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ڈٹ کے کھڑا ہے اب عمران‘ سے ’پپو نکلا نالائق اعظم‘ تک

شمشیر حیدر
13 جون 2019

پاکستان میں حزب مخالف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ملک کی خراب معاشی صورت حال میں پیش کیے جانے والے بجٹ کے بعد آج ملکی وزیر اعظم عمران خان کے حق اور مخالفت میں بحث جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/3KLmP
Pakistan Isalamabad - Premierminister Imran Khan
تصویر: picture-alliance/AA/Pakistan Prime Ministry Office

پاکستان میں ٹوئٹر پر آج دو ٹرینڈز کے مابین مقابلہ چل رہا ہے۔ ملکی وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں ہیش ٹیگ #ڈٹ_کے_کھڑا_ہے_اب_عمران ٹرینڈ کر رہا ہے جب کہ ان کے ناقدین #پپو_نکلا_نالائقِ_اعظم کا ٹرینڈ استعمال کرتے ہوئے اپنی آرا لکھ رہے ہیں۔

عوام کی اکثریتی رائے کس طرف ہے؟ اس سوال کا حتمی اور حقیقی جواب ٹوئٹر اور فیس بُک پر موجود آرا کی بنیاد پر تو نہیں دیا جا سکتا لیکن سوشل میڈیا ٹرینڈز ’عامہ سے متعلق اندازے‘ یا ' perceived by public opinion‘ کے مظہر بن کر حقیقی رائے عامہ پر ضرور اثر انداز ہوتے ہیں۔

غالبا اسی وجہ سے عمران خان کے حامی اور مخالفین اپنے اپنے ٹرینڈ کو 'ٹاپ ٹرینڈ‘ بنانے کی دوڑ میں شامل دکھائی دے رہے ہیں۔ آج تیرہ جون بروز اتوار صبح کے وقت عمران مخالف ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا تھا جب کہ دوپہر کے بعد وزیر اعظم کی حمایت میں ٹرینڈ اوپر آ گیا۔ ایک نظر ان دونوں ٹوئٹر ٹرینڈز پر۔

'پپو نکلا نالائقِ اعظم‘

پاکستانی حکومت کے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کیے جانے سے قبل سابق پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے موجودہ صدر شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد سے ملکی اپوزیشن جماعتیں اور ان کے حامی سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔

'پپو نکلا نالائق اعظم‘ کا ٹرینڈ استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد میں بھی انہی جماعتوں کے حامی پیش پیش دکھائی دے رہے ہیں۔ زیادہ تر کی رائے میں کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتاریوں کا مقصد حکومتی کارکردگی سے توجہ ہٹانا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور خراب معاشی صورت حال سے متاثر افراد بھی اسی ٹرینڈ کو استعمال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ثاقب راجہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا، ''جس دن سے وزیراعظم کی تقریر نشر ہوئی ہے پاؤنڈ اور ڈالر کی قیمت اوپر جا رہی ہے آج پاؤنڈ 191 پر پہنچا ہے ابھی سفر جاری ہے۔ مطلب سب کو پتا چل گیا ہے ایدے پلے کج نہیں جے۔‘‘

جہلمی شیر نامی ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا، ''بیوی نے شوہر سے پوچھا: ''آخر آپ نے کس چیز سے اندازہ لگایا کہ ہمارا پپو بڑا ہو کر ملک کا وزیراعظم بنے گا؟ شوہر نے سرہلاتے ہوئے جواب دیا۔ ''پپو ایسی باتیں کرتا ہے جو کانوں کو تو بھلی لگتی ہیں لیکن غور کرو تو ان کا کوئی مفہوم نہیں نکلتا۔‘‘

’ڈٹ کے کھڑا ہے اب عمران‘

اس ٹرینڈ کو استعمال کرنے والے اکاؤنٹس کی اکثریت بظاہر یا تو حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اپنے اکاؤنٹس کی ہے یا پھر تحریک انصاف کے کارکنوں کی۔

ہوپ نامی بظاہر ایک ٹوئٹر صارفہ نے عمران خان سے منسوب ایک بیان ٹوئیٹ کیا، ''جب میں چوروں پر ہاتھ ڈالوں گا تو سب چور اکٹھے ہو جائیں گے۔ بس اس وقت آپ نے میرا ساتھ دینا ہے۔‘‘

حسیب خان نامی ایک صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں درج ہے، ''احتساب کے دو مراحل۔ پہلا مرحلہ لٹیروں کو اندر کرنا۔ دوسرا مرحلہ لوٹی ہوئی دولت واپس لینا۔ قوم احتساب کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے انتظار میں ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید