1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈی کاپریو نے آسکر ایوارڈ جیت ہی لیا

عاطف بلوچ29 فروری 2016

ہالی وڈ کے معروف ستارے لیونارڈو ڈی کاپریو نے اپنی فلم The Revenant میں اداکاری کے جوہر دیکھانے پر بالآخر بہترین اداکار کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ جیت لیا ہے۔ تاہم اس مرتبہ بہترین فلم کا ایوارڈ ’اسپاٹ لائٹ‘ کو ملا ہے۔

https://p.dw.com/p/1I3zD
88. Oscarverleihung Oscars Bester Schauspieler Leonardo DiCaprio
لیونارڈو ڈی کاپریو نے فلمThe Revenant میں اداکاری کے جوہر دیکھانے پر بالآخر بہترین اداکار کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ جیت لیا ہےتصویر: Reuters/M. Anzuoni

88 ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب اتوار کی شب لاس اینجلس میں سجی، جس کی رنگا رنگ تقریب میں ہالی وڈ کے ستارے جگمگاتے رہے۔ اس تقریب کی خاص بات لیونارڈو ڈی کاپریو کو ایوارڈ ملنا تھی۔ وہ اس سے قبل پانچ مرتبہ بہترین اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیے گئے تھے لیکن ہمیشہ ہی وہ اس اعزاز سے محروم رہے۔

سن 2016 کے آسکر ایوارڈ میں جیوری The Revenant میں ڈی کاپریو کی اداکاری کے جوہر سے انکار نہ کر سکی۔ پہلی مرتبہ اس متعبر ایوارڈ کو وصول کرتے ہوئے انہوں نے فلم کی ٹیم اور بالخصوص اپنے ساتھی اداکار ٹام ہارڈی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم انسان اور اس کے قدرت سے تعلق پر مبنی ہے۔

88. Oscarverleihung Oscars Schlussfeier
اس سال اس تقریب کی میزبانی کے فرائض کرس روک نے ادا کیےتصویر: Reuters/M. Anzuoni

ڈی کاپریو نے کہا، ’’ماحولیاتی تبدیلیاں حقیقی ہیں۔ یہ وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہی موسمیاتی تبدیلیوں سے نایاب جانداروں کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر ہر انسان کو اس سلسلے میں اپنا تعاون فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

The Revenant کو مجموعی طور پر بارہ کیٹیگریز میں آسکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر Alejandro Inarritu بھی آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ بہترین سنماٹوگرافی کا ایوارڈ بھی اسی فلم کو ملا۔ اس فلم کے سنماٹو گرافر Emmanuel Lubezki کا مجموعی طور پر یہ تیسرا آسکر تھا۔

اس سال بہترین اداکارہ کا آسکر بری لارسن کو ملا۔ انہوں نے فلم ’روم ‘ میں انتہائی عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا تھا اور عوامی حلقوں کے علاوہ تنقیدی سطح پر بھی خوب داد بٹوری تھی۔ اس مرتبہ بہترین معاون اداکارہ کا آسکر Alicia Vikander کو دیا گیا، جنہوں نے اپنی فلم ’دی ڈینش گرل‘ میں انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس سال بہترین فلم کا انعام اسپاٹ لائٹ کو ملا۔ تاہم سب سے زیادہ آسکر حاصل کرنے والی فلم Mad Max: Fury Road قرار پائی ، جس نے مجموعی طور پر چھ آسکر جیتے۔ مارک ریلانس نے اپنی فلم Bridge of Spies پر بہترین معاون ادکارہ کا آسکر اپنے نام کیا جبکہ ان کے برطانوی ساتھی سام سمتھ کو بہترین اوریجنل سونگ کی کیٹیگری میں آسکر دیا گیا۔

88. Oscarverleihung Oscars Lady Gaga
اس تقریب میں لیڈی گاگا نے اپنی پرفارمنس سے شرکاء کے دل جیت لیےتصویر: Reuters/M. Anzuoni

دیگر کیٹیگریز میں بہترین آڈپٹڈ اسکرین پلے کا آسکر ’دی بگ شاٹ‘، بہترین اوریجنل اسکرین پلے کا انعام ’سپاٹ لائٹ‘ اور بہترین اینیمٹڈ فلم کا آسکر Inside Out کو دیا گیا۔ اس تقریب کی ایک اور خاص بات شرمین عبید چنائے کے لیے آسکر بھی تھا۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی اس خاتون فلم ڈائریکٹر کو ان کی دستاویزی فلم A Girl in the River: The Price of Forgiveness پر آسکر سے نوازا گیا۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی ایک دستاویزی فلم پر یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔

اس سال اس تقریب کی میزبانی کے فرائض کرس روک نے ادا کیے۔ کامیڈین اور ایکٹر روک کو دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ کی تقریب کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں شرکاء کو خوب ہنسایا۔ اس تقریب میں مختلف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا لیکن جب لیڈی گاگا اسٹیج پر آئیں تو تقریب کے شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ لیڈی گاگا نے تمام توقعات کو پورا کرتے ہوئے اپنی پرفارمنس کے دوران شرکاء کو بھی ناچنے پر مجبور کر دیا۔