1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل سکیورٹی زون میں طالبان کی کارروائی، چھ ہلاک

عابد حسین12 دسمبر 2015

افغان دارالحکومت کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے میں چار طالبان عسکریت پسند ہسپانوی سفارت خانے کے گیسٹ ہاؤس میں گھسنے میں کامیاب ہو گئے۔ اُن کی دراندازی کے واقعے میں دو ہسپانوی سکیورٹی گارڈز سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HMGH
برطانوی فوجی بھی عسکریت پسندوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں شریک تھےتصویر: Reuters/M. Ismail

کئی گھنٹوں بعد افغان سکیورٹی دستوں نے ہسپانوی ایمبیسی سے ملحقہ گیسٹ ہاؤس میں گھسے ہوئے چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گیسٹ ہاؤس کا محاصرہ بھی ختم کروا لیا گیا ہے۔ اِس حملے میں دو ہسپانوی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ ساتھ چار افعان پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

گیسٹ ہاؤس میں داخل ہونے کے لیے عسکریت پسندوں نے کار بم کا سہارا بھی لیا اور اُس کے پھٹنے سے اٹھنے والے دھوئیں میں عسکریت پسند گیسٹ ہاؤس کے اندر گھس گئے۔ کل جمعے کے روز طالبان نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اِس حملے کا نشانہ غیر ملکی ’حملہ آوروں‘ کا ایک گیسٹ ہاؤس تھا۔

عسکریت پسندوں نے یہ حملہ جمعے کی شام کیا تھا۔ عسکریت پسندوں اور افغان سکیورٹی دستوں کے درمیان کئی گھنٹے تک وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ اِس حملے میں نو افغان شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران سینتالیس افراد کو، جن میں غیر ملکی بھی شامل تھے، قریبی عمارتوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ کابل کے تفتیشی ادارے کے سربراہ فریدون عبیدی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چار تھی۔ ان عسکریت پسندوں کو افغان سکیورٹی فورسز کے کمانڈوز نے ہفتے کی علی الصبح ہلاک کر کے صورت حال کو اپنے کنٹرول میں کر لیا۔

Afghanistan Kabul Taliban-Angriff auf Botschaftsviertel
گیسٹ ہاؤس کے باہر افغان سکیورٹی اہلکار پہرہ دیتے ہوئےتصویر: Reuters/M. Ismail

اُدھر ہسپانوی دار الحکومت میڈرڈ میں حکومت نے کابل میں سفارت خانے پر حملے کے دوران دو ہسپانوی پولیس گارڈز کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اِس حملے کے شروع ہونے پر یہی بتایا گیا کہ شدت پسندوں نے ہسپانوی سفارت خانے پر حملہ کیا ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ انہوں نے ایک گیسٹ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا۔ ہسپانوی وزیراعظم ماریانو راخوئے نے بھی اپنے بیان میں ایمبیسی کے قریب واقع گیسٹ ہاؤس پر حملے کا بتایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ گیسٹ ہاؤس کو ہسپانوی سفارت خانے کے احاطے کا حصہ قرار دیا جاتا ہے۔

ہسپانوی ایمبیس کابل کے انتہائی محفوظ علاقے شیرپور میں واقع ہے۔ اِسی علاقے میں کئی بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں کے دفاتر بھی موجود ہیں۔ افغان حکومت کے کئی اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کی رہائش گاہیں بھی اسی بستی میں ہیں۔ ان حکومتی اہلکاروں میں افغانستان کے متنازعہ جنگی سردار اور موجودہ اول نائب صدر عبدالرشید دوستم بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب افغان صدر اشرف غنی نے خوش امیدی کے ساتھ کہا ہے کہ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ اگلے ہفتوں میں شروع ہو نے کا امکان ہے۔