1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل کے سفارتی علاقے میں کار بم حملہ: نو افراد ہلاک، سو زخمی

مقبول ملک اے ایف پی، ڈی پی اے
31 مئی 2017

افغان دارالحکومت کابل کے سفارتی علاقے میں بدھ اکتیس مئی کی صبح کیے گئے ایک طاقت ور کار بم حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ چند رپورٹوں میں مرنے والوں کی تعداد چالیس تک بھی بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2dsOP
Afghanistan Explosion in Kabul
تصویر: Getty Images/AFP/S. Marai

کابل سے بدھ اکتیس مئی کی صبح ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ کار بم حملہ شہر کے اس وسطی علاقے میں کیا گیا، جہاں زیادہ تر غیر ملکی سفارت خانے اور بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کے دفاتر قائم ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ فوری طور پر ہلاک شدگان کی اصل تعداد کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن مختلف رپورٹوں میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی تعداد 110 تک بتائی جا رہی ہے۔

رواں برس کے دوران ایک لاکھ سے زائد افغان شہری بے گھر

افغان طالبان کا امریکا نواز ملیشیا پر بم حملہ، تیرہ ہلاکتیں

’کابل میں سکیورٹی کی کوئی ضمانت نہیں‘

اسی دوران نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ اس بم حملے میں دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد تک کم از کم نو ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی تھی جب کہ کابل میں ملکی وزرات صحت کے حکام نے بھی زخمیوں کی تعداد 100 سے زائد بتائی ہے۔

کابل شہر میں سرکاری ہسپتالوں کے سربراہ ڈاکٹر سلیم رسُولی نے تصدیق کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اس بہت طاقت ور کار بم حملے میں سو سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن کو فوری طور پر علاج کے لیے شہر کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔

Afghanistan Explosion in Kabul
تصویر: Getty Images/AFP/S. Marai

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے ڈی پی اے کو بتایا کہ یہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے ہوا اور اس کی وجہ سے حملے کی جگہ کے قریب کھڑی 30 کے قریب گاڑیاں بھی پوری طرح تباہ ہو گئیں۔

افغان نائب صدر رشید دوستم ملک چھوڑ کر ترکی چلے گئے

کابل، حملے میں جرمن خاتون ہلاک

ابھی تک افغان طالبان یا کسی بھی دوسرے عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ فی الحال یہ بھی واضح نہیں کہ یہ بم دھماکا ریموٹ کنٹرول کی مدد سے کیا گیا یا یہ ایک خود کش کار بم حملہ تھا۔

یہ بم حملہ کابل شہر کے وسطی علاقے میں ایک ایسے مصروف چوک میں کیا گیا، جہاں سے بہت سی حکومتی دفاتر والی عمارات اور کئی غیر ملکی سفارت خانے بہت ہی قریب ہیں۔ اسی علاقے میں افغان صدارتی محل، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کا دفتر اور جرمن اور بھارتی سفارت خانے بھی قائم ہیں۔