1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کارلا برونی کی فلم کا بھی چرچا

15 اپریل 2010

فرانسیسی خاتون اوّل کارلا برونی سارکوزی کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’دی برتھ آف آ فرسٹ لیڈی‘ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ برونی کی طرح اس فلم کا بھی ان دنوں خوب چرچا ہے۔

https://p.dw.com/p/MwVa
کارلا برونی قطر کے امیر کی اہلیہ کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa

اس فلم کی پروڈکشن گزشتہ ڈیڑھ برس سے جاری ہے۔ تاہم تکمیل سے پہلے ہی اس کی تقسیم کے حقوق درجن بھر ممالک میں فروخت کئے جا چکے ہیں۔ اس بات کا اعلان فلم کے مرکزی تقسیم کار ادارے ٹیرانوا نے بدھ کو کیا۔

اس کمپنی کا کہنا ہے کہ آسٹریا، بیلجیئم، کینیڈا، ڈنمارک، جرمنی، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے تقسیم کار پہلے ہی اس فلم کی ریلیز کے حقوق حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی اور اسپین سے اس مقصد کے لئے مذاکرات جاری ہیں جبکہ آسٹریلیا، برطانیہ، یونان، پرتگال اور امریکہ کے تقسیم کاروں نے بھی اس حوالے سے دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ٹیرانوا کمپنی نے تقسیم کاروں کی اس دلچسپی کو غیرمعمولی قرار دیا ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ دستاویزی فلم فرانس میں جلد ہی نشر کی جائے گی۔

اس فلم کا دورنیہ 90 منٹ ہو گا اور اس کا بین الاقوامی ورژن 52 منٹ دورانیے کا ہوگا۔ اس میں کارلا برونی کی فرانسیسی خاتون اوّل کے طور پر زندگی کو قریب سے دکھایا گیا ہے۔

اس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ خاتون اوّل بننے سے ایک عورت کی زندگی کیسے تبدیل ہوسکتی ہے۔ اس میں 42 سالہ کارلا برونی کو دیگر ممالک کے صدور کی بیویوں کے ساتھ غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ ان کی نئی زندگی کے بارے میں ان کے بیانات بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔

یہ دستایزی فلم Cannes میں منعقد ہونے والے MIPDOC انڈسٹری شو میں فروخت کے لئے پیش کی گئیں فلموں میں سب سے زیادہ قابل ذکر موویز میں سے ایک تھی۔

Nicolas Sarkozy und Carla Bruni Flash-Galerie
برونی اور سارکوزی دو برس قبل رشتہ ازدواج میں بندھےتصویر: AP

کارلا برونی فروری 2008ء میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ وہ سابق سپر ماڈل ہیں جبکہ شادی کے بعد بھی بطور گلوکارہ کیریئر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس نیویارک میں جنوبی افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ شادی کے فورا بعد اپنا تیسرا میوزک البم ریلیز کیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف توقیر