1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاسترو کی صحت میں بہتری کے آثار

24 اگست 2009

کیوبا کے سرکاری ٹی وی چینل اور اخبار میں پر سابق کمیونسٹ صدر فیدل کاسترو کی نئی ویڈیو اور تصاویر دکھائی گئیں ہیں جن میں وہ بالکل فِٹ اور صحت مند دکھائی دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JHKo
فیڈل کاسترو ایکواڈور کے صدر کے ساتھ خوشگوار موڈ میںتصویر: picture-alliance/ dpa

اتوار کے روز کیوبا کے سرکاری ٹی وی پر نشر کی جانے والی اس ویڈیو میں سابق کیوبن صدر پڑوسی سوشلسٹ ملک وینزویلا سے آئے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کرتے دکھائی دیئے۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں فیدل کاسترو نے ماحولیاتی تبدیلی اور اِس کے انسانی زندگی پر اثرات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کے اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ مسئلہ اب امریکی محکمہء دفاع کی توجہ کا بھی مرکز بن گیا ہے، کیونکہ آب و ہوا میں تیزی سے آتی تبدیلی سے امریکہ کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

Fidel Castro
سابق کیوبن صدر فیڈل کاسٹرو صحت یاب دکھائی دے رہے ہیںتصویر: dpa - picture alliance

اس ویڈیو میں فیدل کاسترو گزشتہ سالوں کی نسبت کافی صحت مند دکھائی دیئے۔ گزشتہ سال جولائی میں ایک سرجری کے بعد سے وہ عوام کے سامنے نہیں آئے تھے۔ اس ویڈیو کے علاوہ کیوبا کے ایک اخبار میں ان کی ایک تصویر بھی شائع کی گئی ہے، جس میں وہ ایکواڈور کے صدر رافائیل کورّیا کے ساتھ مسکراتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

کیوبا کے 83 سالہ سابق صدر کاسترو نےگزشتہ سال فروری کے مہینے میں صحت کی خرابی کے باعث صدارت کے عہدے دستبردار ہوگئے تھے، جس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی اور کیوبن انقلاب میں ان کے ہمنوا راؤل کاسترو کو صدارت کے لئے نامزد کیا تھا۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عدنان اسحاق