1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات اٹھانا ہوں گے‘، خواجہ آصف

بینش جاوید
6 ستمبر 2017

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو جیش محمد،  لشکر طیبہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف  اقدامات کرنا پڑیں گے تاکہ دنیا جان سکے کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2jPyH
Milli Muslim League Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

گزشتہ سب پاکستانی نیوز چینل جیو کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پاکستان کے وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا اور یہ بات بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا،’’ضرب عضب، ردالفساد اور خیبر فور کے علاوہ کیا ہم نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے دیگر اقدامات کیے ہیں؟‘‘

خواجہ آصف نے کہا کہ اس مرتبہ عید پر وزارت داخلہ نے پہلی مرتبہ اشتہار دیے ہیں کہ لشکر طیبہ، جیش محمد اور دیگر کلعدم تنظیموں کو کھالیں نہ دیں لیکن اس کے باوجود کچھ علاقوں میں انہیں کھالیں ملنے کی اطلاعات ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ساری دنیا ہم پر انگلیاں اٹھا رہی ہے جب تک ہم کوئی ایکشن نہیں لیں گے تو ہمیں عالمی سطح پر شرمندگی کا باعث کرنا پڑے گا۔

جہادی گروپ علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، برکس

برکس اعلامیے پر پاکستان میں مایوسی اور تشویش

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ برکس تنظیم کے مشترکہ اعلامیہ میں جن تنظیموں پر پابندی کا ذکر ہے ان پر تو خود پاکستان نے پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اپنے ماضی سے تعلق توڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا،’’ سن  1979 میں جو فیصلہ کیا گیا اس کے بعد  پوری دہائی ہم امریکا کے لیے پراکسی جنگ لڑ تے رہے، نو گیارہ کے بعد بھی ہم جنگ میں ملوث ہیں۔ پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہمیں اب ماضی سے تعلق توڑنا پڑے گا۔‘‘ 

پچھلے تیس چالیس سال میں ہم نے جن کی پرورش کی ہے، کیا وہ ہمارا اثاثہ ہیں یا ایک بوجھ ؟ ہمیں قومی سطح پر اس کا جواب تلاش کرنا ہوگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں ایسے حالات پیدا کرنا ہوں گے کہ ہم پاکستان کے بارے میں قائم تاثر کو ختم کر سکیں۔ ہمیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہم اس خطے میں امن چاہتے ہیں۔ ہماری قربانیوں کی وجہ سے امن آیا ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں تین روزہ ’انوائے کانفرنس‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف عنقریب امریکا کا دورہ کریں گے اور اس سے قبل پاکستان کے دوست ممالک بھی جائیں گے، جہاں وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موقف پیش کریں گے۔