1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاکا نہیں رونالڈو دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالر

11 جون 2009

132 ملین ڈالر کے عوض مانچسٹر یونائیٹد نے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی رئیل میڈرڈ منتقلی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد رونالڈو دنیا کے سب سے مہنگے خریدے گئے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/I7h3
رئیل میڈرڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑی کاکا اور رونالڈوتصویر: AP

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے اولڈ ٹریفرڈ کلب میں جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ رئیل میڈرڈ کو اجازت دیتا ہے کہ وہ کھلاڑی سے بات چیت کر لیں۔ رونالڈو سے قبل فرانسیسی کھلاڑی زیڈان دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی تھے اور دوسرے نمبر پر حال ہی میں رئیل میڈرڈ منتقل ہونے والے معروف فٹ بالر کاکا تھے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 سالہ رونالڈو نے کلب چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے مطابق کلب کی جانب سے رئیل میڈرڈ کو غیر مشروط پیشکش کی گئی ہے تاکہ وہ 30 جون تک اس معاملے کو نمٹا دیں۔ رئیل میڈرڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے چند دنوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور رونالڈو سے تمام معاملات طے کرلئے جائیں گے۔

رئیل میڈرڈ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’رئیل میڈرڈ تصدیق کرتا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے کرسٹیانو رونالڈو کے حصول کے لئے بات چیت کی گئی ہے۔‘‘

تاہم یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے بتائی گئی قیمت 132 ملین یوروکے حوالے سے ابھی رئیل میڈرڈ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے مالکان کے ترجمان نے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ رونالڈو کی بطور پیشہ ور کھلاڑی فروخت کا فیصلہ مکمل طور پر ٹیم کے مینیجر Sir Alex Ferguson کا ہے اور اس فیصلے کا ٹیم کے مالی ڈھانچے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دو روز قبل 26 سالہ کاکا کو اے سی میلان سے خریدنے کے لئے رئیل میڈرڈ کو 67.5 ملین یورو ادا کیے۔ میلان کی اس ٹیم نے اپنے بینک اکاؤنٹس میں بہتری کے لئے کاکا کی بطور کھلاڑی خدمات کو بیچا تھا۔

اسی ہفتے منگل کے روز اس فیصلے کے بعد اسپین میں اس حوالے سے کافی خوشی منائی گئی۔ کاکا اس سے قبل اٹلی کے کلب اے سی میلان کے لئے کھیل رہے تھے۔ اس فیصلے کے بعد کاکا ہر سیزن میں تقریبا نو ملین یورو کمائیں گے۔کاکا نے ریئل میڈرڈ کے ساتھ چھ سال کے لئے معاہدہ کیا ہے۔

رونالڈو کی خریداری کے اس فیصلے کے بعد یہ سمجھا جا رہا ہے کہ اسپین کا رئیل میڈرڈ فٹ بال کلب دونوں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت گوہر نذیر گیلانی