1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کبوتر بازوں کا سب سے بڑا عالمی میلہ جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں

2 جنوری 2020

دنیا بھر میں کبوتر بازوں کا سب سے بڑا عالمی میلہ کہلانے والی تجارتی نمائش چار اور پانچ جنوری کو جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں منعقد ہو گی، جس میں مختلف براعظموں سے آنے والے بارہ ہزار سے زائد نمائش کنندگان اور مہمان شرکت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/3Vc0c
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Strauch

جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈورٹمنڈ سے جمعرات دو جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق پالتو یا شوقیہ پالے جانے والے کبوتروں کی یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش اسی جرمن شہر میں نئے سال کے پہلے ویک اینڈ پر چار اور پانچ جنوری کو منعقد ہو گی۔

یورپ اور ایشیا کے مختلف ممالک سے آنے والے 200 سے زائد نمائش کنندگان اپنے پالتو اور پرواز کے مقابلوں کے لیے استعمال ہونے والے کبوتروں اور ان سے متعلق مختلف مصنوعات کے ساتھ اس دو روزہ تجارتی میلے میں شرکت کریں گے۔ اس 'ٹریڈ فیئر‘ کی منتظم اور جرمنی میں کبوتر پالنے والوں کی نمائندہ ملکی تنظیم وی ڈی بی (VDB) کے مطابق یہ تجارتی نمائش دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اجتماع ہوتی ہے۔

اس تنظیم کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ اس عالمی میلے میں اس سال پہلی بار ایسے پالتو پرندوں کی بہت متنوع اقسام کی نمائش بھی کی جا رہی ہے، جنہیں عام طور پر ان کے دلکش ہونے کی وجہ سے گھروں میں پنجروں میں رکھا جاتا ہے۔

Brieftauben sollen Weltkulturerbe werden
تصویر: DW/O. Pieper

جرمنی کی 'پَیٹ پیجن بریڈرز ایسوسی ایشن‘ کے مطابق ماضی میں جب جرمنی میں کبوتر بازی کا شوق کبھی عروج پر تھا، تو کبوتر پالنے والے شہریوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔ اب یہ تعداد کم ہو کر 30 ہزار کے قریب رہ گئی ہے۔ تاہم جرمنی کے کئی دیہی علاقوں میں کبوتر بازی اب پھر سے ایک پسندیدہ عوامی مشغلہ بنتی جا رہی ہے۔

ایشیا میں کبوتر بازی ایک دیرینہ روایت

مشرقی یورپی ممالک میں سے پولینڈ اور بلغاریہ میں کبوتر پالنا ایک پسندیدہ عوامی مشغلہ ہے جبکہ یہی عوامی شوق کئی مشرقی ایشیائی ممالک میں بھی پایا جاتا ہے۔ جہاں تک جنوبی ایشیائی ممالک کی بات ہے، تو پاکستان اور بھارت جیسی ریاستوں میں تو یہ دیرینہ شوق عام ہے اور بہت سے شہریوں نے اپنے گھروں کی چھتوں پر کبوتر پال رکھے ہوتے ہیں، جن کے درمیان پرواز کے باقاعدہ مقابلوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

جرمنی میں کبوتر بازی کے اسی شوق پر جانوروں کے تحفظ کی ملکی تنظیم کی طرف سے کڑی تنقید بھی کی جاتی ہے۔ اس تنظیم کا الزام ہے کہ جرمن کبوتر باز آپس میں ان پرندوں کے جن مقابلوں کا اہتمام کرتے ہیں، ان میں ہر سال ہزاروں کبوتر ہلاک یا زخمی ہو جاتے ہیں۔

م م / ع ب (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں