1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی جلسہ، پی ڈی ایم کا پنجاب کے بعد سندھ میں پاور شو

18 اکتوبر 2020

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے بینر تلے پاکستان کی قریب تمام ہی قابل ذکر جماعتیں آج ملک کے جنوبی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں متحد ہو کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3k68H
Pakistan Protestkundgebung gegen die Regierung in Gujranwala
تصویر: Stringer/Reuters

ملک کا معاشی دارالحکومت کہلانے والا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا شہر کراچی آج پاکستانی اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نام سے 11 اہم ترین سیاسی جماعتوں کا یہ اپوزیشن اتحاد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور ساتھ ہی ملکی سیاست میں فوج کے کردار پر بھی خاص طور پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کا دوسرا پاور شو آج  18 اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں جاری ہے۔

جنرل باجوہ صاحب آپ کو جواب دینا پڑے گا، نواز شریف

نواز شریف خود فوج کے ذریعے ہی اقتدار تک پہنچے، عمران خان

کراچی جلسے میں شرکت کرنے والے اہم رہنما

اس جلسے میں شرکت کے لیے پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما جلسے گاہ پہنچ رہے ہیں۔ ان رہنماؤں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال شامل ہیں۔ جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے علاوہ دیگر رہنماؤں میں مولانا شاہ اویس نورانی، ساجد میر اور ڈاکٹر عبدالمالک وغیرہ شامل ہیں۔ مریم نواز کراچی پہنچ چکی ہیں اور جلسہ گاہ جانے سے قبل وہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے مقبرے پر بھی گئیں۔

جلسے کے لیے دن ساڑھے چار بجے کا وقت دیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے روشنی وغیرہ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے اس لیے خیال ہے کہ جلسہ رات دیر تک جاری رہے گا۔ باغ جناح میں سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے پرچموں کے ساتھ جمع ہیں۔

'پاکستان جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہوں‘

اس جلسے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر پارٹی اور حکومتی رہنماؤں کے ساتھ جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں تاریخی جلسہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ایک ایسے آزاد پاکستان کے لیے کوشش جاری رکھے گی جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہوں۔

باغ جناح کراچی میں ہونے والے اس جلسے سے بھی متوقع طور پر پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور ملک کے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے خطاب کریں گے۔ نواز شریف نے جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

Bilawal Bhutto Zardari Pakistan PPP Zug
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطابق ان کی جماعت ایک ایسے آزاد پاکستان کے لیے کوشش جاری رکھے گی جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہوں۔تصویر: picture-alliance/Zumapress.com

پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ کی شرکت

آج کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسلے میں پشتوں تحفظ موومنٹ پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ بھی شریک ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے پی ٹی ایم کے ایک رکن احسن داوڑ نے امید ظاہر کی کراچی جلسے میں پشتونوں کے مسائل پر بھی بات ہو گی۔