1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کے ہوٹل میں آگ، 11 ہلاک

5 دسمبر 2016

پاکستانی شہر کراچی کے ایک فور سٹار ہوٹل میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شاہراہ فیصل پر موجود اس ہوٹل میں یہ آگ آج پیر کو علی الصبح لگی۔

https://p.dw.com/p/2TjWe
Pakistan Brand in Regent Plaza Hotel in Karatschi
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Khan

پولیس اور طبی حکام کے مطابق آگ کے باعث پیدا ہونے والی گھٹن اور افراتفری کے باعث 75 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ تیزی سے ہوٹل میں پھیل گئی، جس کی وجہ سے بہت سے افراد اپنے کمروں میں پھنس کر رہ گئے۔ ایک مقامی پولیس افسر توقیر نعیم نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ آگ اس ہوٹل کے کچن سے شروع ہوئی۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔

نعیم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ہوٹل میں ٹھہرنے والے مہمان بستروں کی چادروں کی مدد سے کھڑکیوں سے نیچے اتر رہے تھے۔ متاثرین کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق صبح قریب ساڑھے تین بجے لگی، جب زیادہ تر مہمان اپنے کمروں میں سوئے ہوئے تھے۔

متاثرہ ہوٹل کے قریب ہی واقع جناح ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زیادہ تر افراد دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں بعض غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد جان بچانے کے لیے بلندی سے کودنے کے باعث بھی زخمی ہوئے۔

Pakistan Brand in Regent Plaza Hotel in Karatschi
کراچی پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ ثاقب میمن کے مطابق ’’ریجنٹ پلازا‘‘  ہوٹل میں لگنے والی اس آگ کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہےتصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

پاکستانی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے کراچی آئے ہوئے تھے۔ اس کانفرنس میں سندھ اور بلوچستان کے ڈاکٹر شریک تھے۔

زخمیوں میں شامل خالد محمود نامی ایک شخص نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، ’’آگ لگنے کے بعد ہم نے بستروں کی چادروں کو باندھ کر رسے کی شکل دی اور اس کے ذریعے چوتھی منزل سے نیچے اُترے۔‘‘

کراچی پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ ثاقب میمن کے مطابق ’’ریجنٹ پلازا‘‘  ہوٹل میں لگنے والی اس آگ کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین گھنٹوں کی کوششوں کے بعد اس آگ پر قابو پایا گیا۔