1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرتارپور راہداری کا باضابطہ افتتاح ہوگیا

9 نومبر 2019

سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پورراہداری کو کھول دیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے بےشمار سکھ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔

https://p.dw.com/p/3SkdL
Pakistan und Indien Eröffnung Sikh Pilgerweg in Kartarpur
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

 ہفتہ نو نرمبر کو وزیرِ اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہو جانے کےبعد بارڈر کھلیں گے، پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی اور دونوں ملک باہمی تجارت کو فروغ دے کر اپنے عوام کو خوشحالی سے ہمکنار کر سکیں گے۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے بھارت سمیت دنیا کے مختلف ملکوں سے سکھوں کی بڑی تعداد ضلح نارووال میں واقع گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور پہنچ۔ بھارت سے آنے والے یاتریوں میں بھارت کے سابق وزیرِ اعظم من موہن سنگھ، بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ امریندر سنگھ، بھارتی سیاستداں اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور اداکار و سیاستداں سنی دیول بھی شامل تھے۔

پاکستان کی طرف سے اس تقریب میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں وزیر اعظم عمران خان، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ ، اور پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری، سینٹر فیصل جاوید اور فردوس عاشق اعوان بھی شامل تھیں۔

Pakistan und Indien Eröffnung Sikh Pilgerweg in Kartarpur
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

اس موقعے پر اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ مئسلہ کشمیر کے حل سے برصغیر میں خوشحالی آئے گی اور برصغیر سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ان کے بقول مسئلہ کشمیر محض ایک جغرافیائی مئسلہ ہی نہیں بلکہ یہ انسانیت کا مسئلہ اورانسانی حقوق کا معاملہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے اسی لاکھ لوگوں کو نو لاکھ بھارتی فوج نے بند کیا ہوا ہے۔ اسی وجہ سے پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے پیش رفت نہیں ہو رہی ہے۔

عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشروں میں امن انصاف کرنے سے آتا ہے جبکہ نا انصافی سے معاشرے میں انتشار پھیلتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ'' کشمیریوں کو انصاف ملنا چاہیئے۔ مئسلہ کشمیر کے حل سے بر صغیر میں بارڈر کھلیں گے، خوشحالی آئے گی اور لوگ غربت سے نجات پائیں گے۔‘‘

عمران خان نے کہا کہ کرتارپور راہداری تو شروعات ہیں، انشااللہ ایک دن پاکستان کے ہندوستان سے تعلقات ایسے ہوں گے جیسے ہونے چاہیئے تھے۔ان کے بقول فرانس اور جرمنی نے جنگوں کے بعد بھی تعلقات کو بہتر بنا کر بارڈر کھولے، باہمی تجارت کو فروغ دیا اور خوشحالی کی منزل کو پا لیا، اسی طرح پاکستان اور بھارت بھی اچھے ہمسائیوں کی طرح باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کر کے اپنے عوام کو خوشحال بنا سکتے ہیں ۔ ان کے بقول برصغیر میں خوشحالی لانے کے لئے مئسلہ کشمیر کا حل کیا جانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے دعائیہ انداز میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ایسا ہو کر رہے گا۔

عمران خان نے سامنے بیٹھے سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے ساتھ ہونے والی اپنی ایک ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ منموہن سنگھ نے ایک مرتبہ بھارت میں ایک کانفرنس کے موقعے پر ان سے کہا تھا کہ اگر کشمیر کا مئسلہ حل ہو جائے تو سارا برصغیر اٹھ ترقی پا سکتا ہے۔

Pakistan und Indien Eröffnung Sikh Pilgerweg in Kartarpur
دربار صاحب کے اندر پہنچنے کے لیے سکھ یاتری منظم انداز میں جانے میں سارا دن مصروف رہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کا نام لئے بغیر کہا کہ لیڈر وہ نہیں ہوتا جو انسانوں کو تقسیم کرتا ہے اور ووٹوں کے حصول کے لئے نفرت پھیلاتا ہے بلکہ لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو انسانوں کو جوڑتا ہے۔

سابق بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے اس تقریب میں ایک عام یاتری کی طرح شرکت کی ، پاکستان پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ آج سکھ برادری کے لیے بہت بڑا دن ہے، راہداری کھولنے سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

بھارتی سیاستداں و سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کرتارپور راہدری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان وہ سکندر ہیں جنہوں نے لوگوں کے دل محبت سے جیت لیے۔'' عمران خان آپ کو احساس نہیں کہ سکھ قوم آپ کو کہاں لے جائے گی، آپ نے سکھ قوم کے دلوں کو فتح کیا ہے۔‘‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کرتارپورکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہےجنہوں نے انسانیت کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

Pakistan und Indien Eröffnung Sikh Pilgerweg in Kartarpur
دنیا بھر سے بے شمار سکھ یاتری دربار صاحب پہنچنے پر انتہائی مسرت کا اظہار کر رہے تھےتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت دو راہداریوں پر کام کر رہی تھی ایک معاشی راہداری جس پر سی پیک کی شکل میں کام ہو رہا ہے دوسری محبت اور خیر سگالی کی راہداری ہے جسے کرتار پور راہداری کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزبد کہم کہ '' آج کے دن ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ وہ کون لوگ ہیں جو محبتوں کی بجائے نفرتوں کے بیج بو رہے ہیں۔ اگر پاکستان اور بھارت کے حکمران اپنے سیاسی عزم سے باہمی تنازعات کو حل کر لیتے تو کرتارپور راہداری کا سات کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں بہتر سال نہ لگتے۔ عمران خان نے اپنا محبت کا وعدہ پورا کر دیا۔ اب بھارت کشمیر پر اپنا وعدہ پورا کرے۔ اگر برلن کی دیوار گر سکتی ہے، یورپ کا نقشہ تبدیل ہو سکتا ہے، تو پھرکشمیریوں کو حق خود ارادیت دے کر لائن آف کنٹرول کوبھی ختم کیا جا سکتا ہے۔‘‘

وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ممتاز ماہر سیاسیات ڈاکٹڑ حسن عسکری نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ کرتارپور راہداری کے افتتاح سے بھارت کے غیر سرکاری حلقوں میں پاکستان کے حوالے سے ایک خیر سگالی کی فضا تو پیدا ہوئی ہے اور اس موقعے پر عمران خان کشمیر کی بات کرکے سکھوں کے ذریعے بہت نرم سفارتی انداز میں اپنا یہ پیغام بھارتی عوام تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں کہ اگر کشمیر کے مئسلے کو حل کر لیا جائے تو اس سے دونوں ملکوں کے عوام کا بھلا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عسکری کا کہنا تھا کہ اس سب کے باوجود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مستقبل قریب میں پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بلکہ وہ اپنے ووٹروں کو خوش کرنے کے لیئے بابری مسجد کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں