1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسٹوف والٹس آسٹریائی نہیں جرمن ہیں

14 اگست 2010

راتوں رات ہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سپر سٹار بننے والی اداکار کرسٹوف والٹس کے بارے میں آسٹریا کے مقامی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آسٹریائی نہیں بلکہ جرمن شہری ہیں۔

https://p.dw.com/p/OnVj
کرسٹوف والٹس اسکر ایوارڈ کے ساتھتصویر: AP

آسٹریا کے عوام اس خبر پر حیران رہ گئے، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں برس اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے اداکار کرسٹوف والٹس کا تعلق آسٹریا سے نہیں ہے بلکہ وہ جرمن شہریت رکھتے ہیں۔ اب تک یہی خیال کیا جاتا تھا کہ وہ آسٹریا کے باشندے ہیں اور اکیڈیمی ایوارڈ کی تقریب میں بھی ان کی شناخت کا ملک آسٹریا بتایا گیا تھا۔

اخباری رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے والد بھی رہتے آسٹریا میں تھے لیکن جرمن پاسپورٹ رکھتے تھے۔ اس انکشاف کو آسٹریا کی اخبارات نے شہ سرخیوں میں شائع کیا ہے۔

کرسٹوف والٹس کو رواں برس کے شروع میں ہونے والی بیاسویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں بہترین معاون اداکار کی کیٹگری میں آسکر نوازا گیا تھا۔ ان کو یہ ایوارڈ دوسری عالمی جنگ کے پس منظر میں بننے والی ’’انگلوریئس باسٹرڈ‘‘ Inglorious Basterds میں بھرپور کردار نگاری پر دیا گیا تھا۔اس فلم میں کرسٹوف والٹس نے ایک نازی افسر کرنل ہانز لانڈا کا کردارنبھایا تھا۔ فلم ’’انگلوریئس باسٹرڈ‘‘ کو ہدایتکار کوئنٹین تارنٹینو نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اس فلم میں جاندار ادارکاری پر کرسٹوف والٹس کو مختلف بائیس ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا تھا اور ان میں سے بیس ایوارڈ وہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جب وہ اکیڈیمی ایوارڈ حاصل کر کے واپس ویانا پہنچے تھے اور آسٹریا کے چانسلر ویرنر فےمان نے جب ان کی پذیرائی کی تھی تب بھی ان کی جرمن شہریت کا ذکر کہیں نہیں آیا تھا۔

Oscarverleihung 2010 Galerie Diane Krüger, Quentin Tarantino, Christoph Walt
کرسٹوف والٹس اور ہدایتکار کوئنٹین تارنٹینوتصویر: AP

کرسٹوف والٹس کا مقام پیدائش آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ہے۔ وہ چار اکتوبر سن 1956کو پیدا ہوئے تھے۔ اسی شہر میں وہ ابتدائی تعلیم حاصل کرتے رہے اور بعد میں ڈرامہ نگاری کے ڈسپلن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ عالمی شہرت پانے کے بعد اب وہ لندن اور جرمن دارالحکومت برلن میں قیام پذیر ہیں۔

سردست وہ جرمن شہریت چھوڑ کر آسٹریا کے شہری بننے کی عملی کوششوں میں ہیں۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں وہ آسٹریائی شہریت اختیار کرلیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں