1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: افغانستان کے ہاتھوں آئر لینڈ کو شکست

10 فروری 2010

منگل سے سن 2010ء کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن شپ کے لئے کوالیفائنگ میچز کا آغاز ہو گیا ہے۔دبئی میں منعقد ہونے والے ایک میچ میں افغانستان نے حیر ت انگیز طور پر آئر لینڈ کو تیرہ رنز سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/LxaZ
تصویر: AP

اپنی اِس کامیابی کے نتیجے میں افغانستان کی ٹیم اِس برس ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کی منزل کے ذرا اور قریب آ گئی ہے۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ افغان ٹیم کے ہیرو محمد نبی تھے، جنہوں نے نہ صرف تیز رفتاری کے ساتھ کھیلتے ہوئے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے بلکہ اُنہوں نے 25 رنز دے کر آئر لینڈ کے دو کھلاڑی بھی آؤٹ کئے۔ آئر لینڈ کی ٹیم 140 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بیس ویں اوور کی دوسری گیند پر ہی 126 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آئر لینڈ کی فیلڈنگ بے حد خراب رہی اور فیلڈ میں کوئی نصف درجن کیچ چھوڑے گئے۔ بیٹنگ کرتے ہوئے آئر لینڈ کا اسکور ایک وقت میں ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز تھا، جو کچھ ہی دیر بعد پانچ وکٹوں کے نقصان پر 78 ہو گیا۔ آخری گیارہ گیندوں پر آئر لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے سولہ رنز درکار تھے جبکہ اُس کے پاس ابھی تین وکٹیں بھی باقی تھیں لیکن یہ ہدف حاصل نہ ہو سکا۔

افغانستان کی ٹیم کے کوچ کبیر خان اپنی ٹیم کی کارکردگی پر بے حد خوش تھے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے پاکستانی ٹیسٹ اور وَن ڈے کے اِس پینتیس سالہ سابقہ فاسٹ بولر نے کہا:’’آئر لینڈ جیسی چوٹی کی ٹیم کو مسلسل ہرانا بے حد حوصلہ افزا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم سیکھ رہے ہیں اور تیزی سے سیکھ رہے ہیں۔‘‘

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران یہ تیسرا موقع ہے کہ افغانستان نے آئر لینڈ کو ہرایا ہے۔ کل کچھ ایسے ہی نتائج ابوظہبی میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں میزبانی کی بدولت کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی مستحق قرار دی گئی متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے کینیا کو پندرہ رنز سے شکست دے دی۔ محض وائلڈ کارڈ کے ذریعے اِس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کرنے والی امریکی ٹیم نےابو ظہبی میں سکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔ چھ ہی وکٹوں سے دبئی میں ہالینڈ نے کینیڈا کو ہرایا۔

آج دبئی میں کینیڈا اور کینیا ایک دوسرے کا سامنا کریں گے جبکہ متحدہ عرب امارات اور ہالینڈ کا مقابلہ ہو گا۔ ابوظہبی میں آج افغانستان کی ٹیم سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ امریکہ کا مقابلہ آئر لینڈ کے ساتھ ہو گا۔ اِن کوالیفائنگ مقابلوں کے نتیجے میں دو ٹیموں کا انتخاب ہو گا، جو اِس سال تیس اپریل تا چھ مئی ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ اِس میں اِس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر