1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: بنگلہ دیش سری لنکا کے خلاف فالو آن سے بچ گیا

4 جنوری 2009

سری لنکا کے خلاف ہوم سیریزکے چٹاگانگ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن میزبان ٹیم اپنے آخری بلے بازمرتضیٰ کی شاندار نصف سینچری کے باعث فالو آن سے تو بچ گئی مگر اتوار کی شام کھیل ختم ہونے تک سری لنکا کی پوزیشن بہت بہتر تھی۔

https://p.dw.com/p/GRrv
ڈھاکہ میں گذشتہ بدھ کے روز ختم ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ بھی سری لنکانے جیتا تھاتصویر: AP

اس ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل شروع ہونے کے محض 25 منٹ بعد سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 384 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پہلے ٹیسٹ کی طرح میزبان ٹیم کے بلے بازوں کی ناکامی کے بعد سری لنکا کی ٹیم بنگلہ دیش کو فالو آن پر مجبور کر سکنے کے لئے اس وقت بہت اچھی پوزیشن میں آگئی تھی جب بنگلہ دیشی ٹیم کی پہلی اننگز میں اس کے نو کھلاڑی 145 کے سکور پر آؤٹ ہو گئےتھے۔

لیکن پھر سری لنکا کے باؤلرز کے لئے بنگلہ دیش کے آخری دو بلے بازوں میں سے کسی ایک کو بھی آؤٹ کرنا بہت مشکل ثابت ہوا۔ آخری وکٹ کے لئے مرتضیٰ، جنہوں نے ذاتی طور پر 63 رنزبنائے، اورشہادت حسین کی شراکت داری میں کل 63 رنز بنے۔ ان میں سے گیارہویں کھلاڑی شہادت حسین نے ذاتی طور پر صرف پانچ رنز بنائے مگر انہوں نے اپنی ٹیم کے لئے انتہائی اہم رنز سکور کرنے میں مرتضیٰ کا اس حد تک ساتھ ضرور دیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم فالو آن کے خطرے سے باہر نکل گئی۔

یوں بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز 208 کےمجموعی سکور پر ختم کی جس کے جواب میں چٹاگانگ کے ڈویژنل سٹیڈیم میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک سری لنکا نے اپنے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 13رنزبنائے تھے۔ یوں سری لنکا کو اب تک بنگلہ دیش پر مجموعی طور پر 189 رنزکی برتری حاصل ہو چکی ہے، دوسری اننگز میں اس کی تمام دس وکٹیں ابھی باقی ہیں اور اسی وجہ سے اس میچ پر سری لنکا کی گرفت اب بہت مضبوط ہو چکی ہے۔