1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ

رپورٹ:ندیم گِل، ادارت:عابد حسین19 ستمبر 2009

کرکٹ کے شائقین جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والی محدود اوورز کی چیمپئنز ٹرافی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ کرکٹ کے ورلڈ کپ سے قدرے مختلف ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/JkOO
ایک روزہ میچوں میں دھواں دار بلے باز کے لئے مشہور شاہد آفریدیتصویر: AP

چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آئندہ ہفتے کے دوران جنوبی افریقہ میں ہو رہا ہے۔ اس میں شریک ٹیموں کے لئے وارم اپ یا پریکٹس میچوں کےسلسلے میں جمعہ کو تین کرکٹ میچ کھیلے گئے، جن میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز اور پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا۔ تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو ڈومیسٹک ٹیم وائریئر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Graeme Smith, Kapitän der südafrikanischen Cricketmannschaft
جنوبی افریقہ کے کپتان گرائم اسمتھتصویر: AP

جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 188رنز سے مات دی۔ یہ میچ سینویس پارک میں کھیلا گیا، جس میں میزبان ٹیم کے کپتان گرائم اسمتھ نے 74 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 83 رنز بنائے جبکہ ژاک کالیس نے نوے گیندوں پر اناسی رنز اسکور کئے۔ جے پی ڈیومنی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ وہ انچاس گیندوں پر اسّی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں جنوبی افریقہ نے چار وکٹیں کھو کر 388 رنز بنائے۔

تاہم ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیم اس ہدف کا سامنا نہ کرسکی۔ ان کا مجموعی اسکور دو سو رہا۔ ان کی جانب سے ڈیرن سیمی نے اکہتر گیندوں پر باون رنز بنائے، جو ویسٹ انڈیز کی جانب سے بہترین انفرادی اسکور تھا۔

پاکستان اور سری لنکا وِلومور پارک میں مدمقابل تھے۔ اس میچ میں سری لنکا کو 108 رنز سے شکست ہوئی۔ پاکستان نے اسے جیت کے لئے 307 رنز کا ہدف دیا تھا، جبکہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے بیاسی، مصباح الحق نے 72 اور عمراکمل نے سٹرسٹھ رنز بنائے۔ سری لنکا کے نووان کلاسے کارا نے چھیالیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی۔ پاکستانی نے سری لنکا کی ٹیم کو 198 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر کر دیا۔ نوید الحسن نے اکتالیس رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے۔

پریٹوریا میں نیوزی لینڈ کا سامنا ڈومیسٹک ٹیم وارئیرز سے ہوا، جس نے مہمان ٹیم کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ تاہم ٹاس ہارنے کے باوجود بلیک کیپس کے لئے کھیل کا آغاز اچھا تھا، لیکن مڈل اور لوئر آرڈر کے بیٹس مین کی کارکردگی ناقص رہی۔ مارٹن گپٹل نے اٹھہتر رنز بنائے، چار وکٹیں گرنے تک وہ اپنی ٹیم کو 210 کے مجموعی اسکور تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تاہم ان کی آخری چھ وکٹیں اس تواتر سے گریں کہ مزید ستائیس رنز ہی ہی حاصل ہو سکے۔

Cricket Bangladesh gegen Neuseeland
نیوزی لینڈ کا بنگلہ دیش کے ساتھ میچ، فائل فوٹوتصویر: AP

وارئیرز کی جانب سے یواں تھیرون نے بیالیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ بیٹنگ کے مرحلے میں میزبان ٹیم کا آغاز متاثر کن نہیں تھا۔ تاہم نیوزی لینڈ کے برعکس ان کے مڈل آرڈر بیٹس مین نے کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے آئین بٹلر نے ترپن رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیرل ٹفی نے انچاس رنز دے کر تین وکٹیں گرائیں۔

چیمپئنز ٹرافی کا آغاز منگل سے ہورہا ہے۔ اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جو دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیزجب کہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ہیں۔