1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ کا بدلتا منظر نامہ

رپورٹ :عابد حسین ،ادارت:عدنان اسحاق12 ستمبر 2009

کرکٹ میں یکسانیت اور بوریت ختم کرنے کے حوالے سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نئے طریقے متعارف کرانے کے حوالے سے سوچ و بچار میں مصروف ہے۔

https://p.dw.com/p/JdMM
تصویر: AP

ماہرین کرکٹ کہتے ہیں کہ اِس کھیل کی مقبولیت میں روز بروز کمی واقع ہو رہی ہے۔ ماہرین کے خیال میں ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں نے ساری توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے، جس کی وجہ سے ٹیسٹ میچوں میں شائقین کی دلچسپی میں کمی آتی جا رہی ہے اور اب ایک روزہ میچ بھی دلکشی سے محروم ہونے لگے ہیں۔ اِسی تناظر میں اب ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ساتھ ایک روزہ میچوں میں تبدیلی کی بات شروع ہو چکی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میچ یکسانیت کا شکار ہو چکے ہیں اور بعض اوقات ٹاس جیتنے سے ہی شائقین کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ میچ کا ممکنہ نتیجہ کیا ہو سکتا ہے۔

Sachin Tendulkar
سچن ٹنڈولکرتصویر: Fotoagentur UNI

ٹیسٹ کرکٹ کے سلسلے میں ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ کو شاید اگلے سال عملی شکل مل جائے۔ سن دو ہزاردس میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم رات اور دن کا ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں کس رنگ کا گیند استعمال کیا جائے۔ ساتھ ہی ایسے اشارے سامنے آ رہے ہیں کہ شاید گلابی رنگ کا گیند استعمال کیا جائے۔ اِس مناسبت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی چیمپئن شپ بھی شروع کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ اِس چیمپئن شپ کے لئے بھی بہت اہم قوانین مرتب کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ پہلی اننگز کو ایک سو اوورز تک محدود کردیا جائے اور دوسری اننگز اوپن رکھی جائے۔

ایک روزہ میچوں کی یکسانیت اور بوریت ختم کرنے کے حوالے سے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت کے ممتاز بلے باز سچن ٹنڈولکرکی تجویز کو وقعت دی ہے۔ ٹنڈولکر کا خیال ہے کہ ایک روزہ میچوں میں اوورز پچاس ہی رکھے جائیں البتہ پچیس پچیس اوورز پر مشتمل دو اننگز کر دی جائیں۔ ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں چیمپئن ٹرافی کے فائنل کے دوران اُن کے ذہن میں یہ خیال آ یا تھا کہ ایک روزہ میچ میں بھی دو اننگز متعارف کروانے سے ایک جدت اور کھیل میں نئی جان پڑ سکتی ہے۔ اُس فائنل میچ کے دِن اور اضافی دِن سری لنکا نے ٹاس جیت کر اپنے پچاس اوورز کھیلے تھے لیکن بھارت کو بارش کی وجہ سے اپنی اننگز شروع کرنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔ بعد میں دونوں ملکوں کو چیمپئن ٹرافی کا مشترکہ حقدار ٹھرایا گیا تھا۔ ٹنڈولکر کے مطابق اگر پچیس پچیس اننگز کا قانون موجود ہوتا تو فائنل میچ مکمل کیا جا سکتا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اِس تجویز پر مثبت انداز میں عمل کرنے کا اشارہ جنوبی افریقہ کودیا ہے کہ وہ تجرباتی طور پر اِس پرعمل کر کے دیکھے اگر یہ کار گر ہوتا ہے تواِس کوبعد میں کُلی طور پر لاگو کیا جا سکتا ہے۔