1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیری سری نگر میں آج نماز جمعہ ادا کر سکیں گے

9 اگست 2019

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں جمعہ نماز کے وقت کرفیو میں نرمی کر دی جائے گی تاکہ مسلمان مسجدوں کا رخ کر سکیں۔ دوسری طرف کشمیر کی صورتحال پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کی خاطر پاکستانی وزیر خارجہ چین کا دورہ کر رہیں ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Ncqt
Indien Kaschmir-Konflikt
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Yasin

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھارتی زیر انتظام کشمیر کے پولیس سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج نماز جمعہ کے وقت مسلم اکثریتی اس وادی کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں نافذ سخت کرفیو میں نرمی کی جائے گی، تاکہ مسلمان آبادی مسجدوں میں جا کر عبادت کر سکے۔

سری نگر کے پولیس سربراہ دل باغ سنگھ نے میڈٰیا کو بتایا، ’’سری نگر کے زیادہ تر علاقوں میں لوگوں کو اجازت ہو گی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں واقع مساجد میں جا کر عبادت کر سکیں۔‘‘ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں اتوار کے دن سے سکیورٹی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی تھی۔

گزشتہ چھ روز سے کشمیر میں یہی صورتحال برقرار ہے۔ ہندو قوم پرست وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد اندیشہ ہے کہ مقامی لوگ حکومت مخالف مظاہرے شروع کر سکتے ہیں، اس لیے سری نگر کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق رواں ہفتے کے دوران بالخصوص سری نگر کے ہزاروں باسی اپنے گھروں میں قید ہیں جبکہ دوکانیں اور زیادہ تر طبی مراکز بھی بند پڑے ہیں۔ ممکنہ عوامی مظاہرے کے پیش نظر انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے۔ نریندر مودی کے مطابق البتہ آئندہ کچھ دنوں میں کشمیر کی صورتحال میں بہتری آ جائے گی۔

دوسری طرف پاکستانی وزیرا عظم شاہ محمود قریشی چین کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ وہ کشمیر کے معاملے پر نئی دہلی حکومت پر دباؤ بڑھا سکیں۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وہ جمعہ نو اگست کو بیجنگ میں چینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ چین روانہ ہونے سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنے ’قابل بھروسہ دوست‘ کو جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

پاکستانی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر بین الاقوامی کورٹ آف جسٹس سے رجوع کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ہی کشمیر کے متنازعہ علاقوں پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت اسی تنازعے کی وجہ سے دو جنگیں بھی لڑ چکیں ہیں۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے

وادیء کشمیر بھارتی سکیورٹی حسار میں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں