1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر: لشکر طیبہ کے پانچ مشتبہ عسکریت پسند جھڑپ میں ہلاک

خبر رساں ادارے19 دسمبر 2008

بھارت کے زیر انتظام ریاست جموّں و کشمیر میں پولیس نے لشکر طیبہ سے وابستہ پانچ مشتبہ عسکریت پسندوں کو ایک جھڑپ میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GJqZ
بھارتی نیم فوجی اہلکار بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کی سڑکوں پر اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے سے قبل گشت کرتے ہوئےتصویر: AP

ریاستی پولیس کے اعلیٰ افسر ہیمنت کمار لوہیا نے اس سلسلے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ اس جھڑپ میں ایک سپاہی بھی ہلاک ہوگیا ہے۔

مزکورہ جھڑپ جموّں صوبے کے ضلع ادھمپور میں ہوئی۔

دوسری جانب آج وادی کشمیر میں علیحدگی پسند اتحاد کُل جماعتی حُریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کی رابطہ کمیٹی کی طرف سے دی گئی کال پر احتجاجی ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں وہاں معمول کی زندگی متاثر ہوئی۔

Indien Alarmbereitschaft nach Anschlag
کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لئے حفاظت کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

بھارتی حکام نے ریاستی اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے میں امن و امان کی صورتحال بنائے رکھنے کے لئے سیکیورٹی فورسز کے مزید ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا ہوا ہے۔

ستاسی نشستوں پر مشتمل ریاستی اسمبلی کا انتخاب کرنے کے لئے گُزشتہ چھہ مرحلوں میں حکام کے مطابق ووٹنگ کی شرح پچاس فی صد سے زیادہ رہی ہے۔

علیحدگی پسندوں نے لوگوں سے ان انتخابات کا بائکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی تاہم پولنگ کے دوران اس بائکاٹ مہم کا اثر صرف بارہمولہ، گاندربل اور شوپیان اضلاع کے بعض علاقوں میں ہی دیکھا گیا۔

انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لئے چوبیس دسمبر کو سری نگر اور جموّں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

حریت کانفرنس کے اعتدال پسند دھڑے کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیر میں انتخابات کے کوئی معنی نہیں ہیں۔ ’’ ان انتخابات کے کوئی معنی نہیں ہیں کیونکہ یہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجییوں کی موجودگی میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ لوگوں کو زور زبردستی اور نوکریوں کا جھانسے دے کر ووٹ دینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔‘‘

میرواعظ عمر فاروق نے سری نگر میں ڈوئچے ویلے کے نمائندے شجاعت بخاری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے مسئلہ کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

حکام نے آج بھی میرواعظ عمر فاروق اور حریت کانفرنس کے سخت گیر دھڑے کے سربراہ سید علی شاہ گیلانی کو اُن کے گھروں میں ہی نظر بند رکھا جبکہ یاسین ملک اور شبیر شاہ سمیت دیگر حریت پسند لیڈروں کو پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے۔