1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس امریکی فوج میں بھی پھیلتا ہوا

3 اپریل 2020

امریکی بحریہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ طیارہ بردار بحری جہاز کے کمانڈر کو برطرف کر دیا ہے۔ اس کمانڈر نے حکام کو ایک خط لکھتے ہوئے کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری کارروائی کرنے کی اپیل کی تھی۔

https://p.dw.com/p/3aPP7
USA Corona-Pandemie Lazarettschiff Comfort
تصویر: picture-alliance/AP Photo/U.S. Navy

امریکی بحریہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق طیارہ بردار جنگی بحری جہاز تھیوڈور روزویلٹ کے کیپٹن بریٹ کروزیر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ بحریہ کے اس کمانڈر نے حکام کو خط لکھا تھا کہ جہاز پر کورونا وائرس کے مریض فوجیوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور فوری طور پر کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا یہ خط لیک ہو گیا تھا اور یہ خبر میڈیا پر شائع ہو گئی تھی۔

قام مقام نیوی سیکریٹری تھامس موڈلی نے کہا ہے کہ بحران کے بالکل وسط میں کیپٹن نے انتہائی غیرذمہ دارانہ اور ناقص فیصلہ کیا تھا۔ تھامس موڈلی کا کہنا تھا کہ کیپٹن نے میمو کو بہت لوگوں تک بھیج دیا تھا اور انہی میں سے کسی ایک نے اسے کیلیفورنیا نیوز پیپر تک پہنچایا، جہاں سے یہ خبر دیگر میڈیا اداروں تک پہنچی۔

دوسری جانب قائم مقام نیوی سیکریٹری تھامس موڈلی کی طرف سے کیپٹن کو برطرف کرنے کے فیصلے کو فوری طور پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایک "غیر مستحکم فیصلہ” ہے، اس برطرفی کے فیصلے سے یہ پیغام جاتا ہے کہ سروسز اراکین کی زندگیاں اہم نہیں ہیں۔

تاہم تھامس موڈلی اپنے اس فیصلے پر قائم ہیں۔ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیپٹین کو براہ راست اپنے اعلی کمانڈر سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، جو کہ پہلے ہی متاثرہ طیارہ بردار جہاز کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔ موڈلی کا مزید کہنا تھا، "بریٹ کروزیر نے یہ کہتے ہوئے ہلچل مچا دی تھی کہ بحری جہاز کے پچاس اہلکار ہلاک ہو سکتے ہیں۔”

امریکی طیارہ بردار جہاز تھیوڈور روزویلٹ پر تقریبا پانچ ہزار اہلکار تعینات ہیں اور اب یہ جہاز لنگرانداز ہو چکا ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس جہاز پر سوار تین ہزار اہلکاروں کو جمعے کے روز سے قرنطینہ میں بھیج دیا جائے گا۔ اس جنگی بحری جہاز کے ایک سو سے زائد اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے لیکن ابھی تک کسی کو ہسپتال داخل نہیں کروایا گیا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق کیپٹن کی طرف سے لکھا گیا خط اس حقیقت سے پردہ اٹھاتا ہے کہ پینٹاگون اپنے فوجیوں کی حفاظت کے لیے فوری اور کافی اقدامات اٹھانے میں ناکام ہو رہا ہے۔ متعدد نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق تھیوڈور روزویلٹ صرف اس بات کی مثال ہے کہ کورونا وائرس امریکی فوج میں بھی پھیل رہا ہے۔ امریکی بحریہ کے اہلکاروں کے مطابق کئی دیگر بحری جنگی جہازوں پر تعینات اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان میں سان ڈیاگو کی بندرگاہ پر موجود کمانڈو کیرئیر جنگی جہاز بھی شامل ہے۔

ا ا / ش ج (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)