1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: امیتابھ بچن اور پرینکا چوپڑا کا مشورہ

جاوید اختر، نئی دہلی
13 مارچ 2020

بھارت ميں کورونا وائرس کے مريضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جبکہ ايک شخص اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکا ہے۔ حکومت اور عوام کے ساتھ بالی ووڈ بھی اس وبا سے پریشان ہے اور متعدد فلمی ستارے اپنے طور پر مشورے دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3ZKz4
Indien Schauspieler Amitabh Bachchan
تصویر: picture alliance/ZUMA Press/India Today

امیتابھ بچن اور پرینکا چوپڑا سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشورے دیے ہیں۔ امیتابھ بچن نے ایک ویڈیو پوسٹ کر کے کہا کہ کورونا وائرس سے ہر کوئی پریشان ہے لیکن 'بھارت میں آنے پر ہم اسے 'ٹھینگا‘ دکھا دیں گے‘۔ اودھی زبان میں ایک نظم کے ذریعے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، ”ادھر متعدد دنوں سے کورونا وائرس کی وجہ سے بہت نقصان ہو رہا ہے۔ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں۔ آج صبح ہمیں بھی لگا کہ ہمیں اس پر کچھ بولنا چاہیے۔"

بھارت میں فلموں کے لیے اعلی ترین اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ یافتہ امیتابھ بچن نے مزید کہا، ”مختلف لوگ اس بیماری کا الگ الگ علاج بتا رہے ہیں۔ لوگ کس کی سنیں، کس کی نہ سنیں۔ کون بتائے گا یہ سب۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ کلونجی کھاؤ تو کوئی آملہ کا رس پینے کے لیے کہہ رہا ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ گھر میں بیٹھے رہو۔ باہر مت نکلو۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ بغیر صابن سے ہاتھ دھوئے کسی کو مت چھونا۔ ہم نے سوچا چلو ہم بھی ویسا ہی کرتے ہیں جیسا کہتے ہیں سب۔ آنے دو کورونا کو ٹھینگا دکھا دیں گے سب۔"

Mumbai Wahlen Prominente Priyanka Chopra Jonas
تصویر: IANS

بیشتر لوگوں کو اودھی زبان سمجھ میں نہیں آنے کے باوجود مداح امیتابھ بچن کے اس ویڈیو کو کافی پسند کر رہے ہیں۔ للی ڈی پنہا نامی ایک صارف نے لکھا، ”سمجھ میں کچھ بھی نہیں آیا لیکن آپ کے ایکسپریشن بہت اچھے ہیں۔"

امیتابھ بچن نے کورونا وائرس کے سلسلے میں کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں اور لکھا، ” محتاط رہیں۔ چوکنا رہیں۔“

بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے بھی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر 'نمستے‘ کرتے ہوئے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایک دوسرے کا خیر مقدم کرتے وقت مصافحہ کرنے اور گلے ملنے کے بجائے نمستے کریں۔

فلم اداکار انل کپور بھی کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے لوگوں کو مائل کرنے کے خاطر ممبئی میں ایک تقریب میں ماسک لگا کر آئے۔ پرینتی چوپڑا اور کپل شرما نے بھی لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے اپنے مشورے دیے ہیں۔

دریں اثنا کورونا وائرس کے مضمرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی فلمی صنعت خود کو تیار کر رہی ہے۔ متعدد فلم سازوں نے اپنی فلموں کی شوٹنگ ملتوی کر دی ہے۔کئی فلموں کی ریلیز کی تاریخ موخر کر دی گئی ہے اور فلمی تقریبات منسوخ یا معطل کر دی گئی ہیں۔

Bildergalerie: Bollywood - Parineeti Chopra
تصویر: Getty Images/AFP/S. Panthaky

کئی صوبوں میں سنیما گھروں کو بند کر دیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں حکومت نے تمام سنیما گھروں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت کے اس فیصلے سے فلم سازوں میں اپنی فلموں کے حوالے سے خوف پیدا ہوگیا ہے۔ نئی دہلی ہندی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ ایسے میں فلموں کی آمدنی پر یقیناً برا اثر پڑے گا۔ آنے والے دنوں میں ریلیز ہونے والی کئی بڑی فلموں پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔

دریں اثنا بھارت میں کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ جنوبی ریاست کرناٹک کے کلبرگی کے رہنے والے 76سالہ محمد حسین صدیقی چند دنوں قبل ہی سعودی عرب سے عمرہ کر کے واپس لوٹے تھے۔ اس دوران حکومت نے بھارت میں کورونا وائرس سے 76 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حکومت اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے اور بیشتر ملکوں کے ویزے پر پندرہ اپریل تک کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔