1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوسوو میں یورپی یونین کےسول مشن نے انتظام سنبھال لیا

افضال حسین9 دسمبر 2008

کوسوو میں یورپی یونین کی پولیس اور عدلیہ سے متعلق مشن EULEX نے آج منگل کے روز سے سرکاری طور پر اپنا کام شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GCLX
کوسوو میں فرانسیسی پولیس کی اطلاع کے مطابق، شمالی علاقے میں بھی، جہاں سرب نژاد باشندوں کی اکثریت ہے EULEX کے نمائندے پہنچ گے ہتصویر: AP

اس سابق سرب صوبے میں یورپی یونین کے نمائندے مرحلہ وار طریقے سے وہ ذمہ داریاں سنبھال لیں گے جو اس وقت اقوام متحدہ کا مشن انجام دے رہا ہے۔

یہ بات EULEX کے ترجمان Victor Reuter نے آج صبح خبر رساں ایجنسی AFP کو بتائی۔ کوسوو میں فرانسیسی پولیس کی اطلاع کے مطابق، شمالی علاقے میں بھی، جہاں سرب نژاد باشندوں کی اکثریت ہے EULEX کے نمائندے پہنچ گے ہیں۔

ججوں اور سرکاری وکلا پر مشتمل 20 نمائندے، کسی طرح کی مشکل کے بغیر کوسوو۔ البانیہ اور سربیا کے درمیان منقسم شہر Kosovka Mitrovica کی عدلیہ کی عمارت میں داخل ہو گے۔ دوسری جانب سربیا ابھی تک اس EU مشن کو مسترد کر رہا ہے۔

یورپی یونین کی اطلاعات کے مطابق شروع میں 1400جج، پولیس اور کسٹم حکام کوسوو میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ ان میں 85 جرمن بھی شامل ہیں مزید 500 مقامی لوگ بھی ان کا ہاتھ بٹائیں گے۔ یورپی یونین کے متعدد ملکوں کےعلاوہ ناروے، سوٹزرلینڈ، ترکی، کروشیا اور امریکہ کے نمائندے بھی اس مشن میں ساتھ دے رہے ہیں۔

یورپی یونین کی تاریخ کا اب تک یہ سب سے بڑا سول مشن ہے۔ EULEX مستقل طور پر اقوام متحدہ کے مشن UNMIK کی جگہ لے گا جو 1999 کی جنگ کے بعد سے کوسوو کے انتظامی امور انجام دے رہا ہے۔ EULEX مشن کے تحت ایک کثیر النسل پولیس، عدلیہ اور انتظامیہ کا ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا ۔ نیز اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ سرب اقلیت کودباؤ سے بچایا جا سکے۔

روس اور سربیا نے، جو کوسووکو ایک آزاد ملک کے طور پر کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں، اقوام متحدہ کے مشن کو توسیع دینے اور یورپی یونین کے سپرد کرنے کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے۔ طویل مزاکرات کے بعد نومبر میں یورپی یونین اور سربیا کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ EULEX کو ایک غیر جانبدار مشن کی حیثیت حاصل رہے گی۔ اس کے علاوہ کوسوو کے وہ علاقے جہاں سرب اکثریت ہے یکے بعد دیگرے EULEX کے کنٹرول میں لائے جائیں گے۔ اب تک دنیا کے 53 ملکوں نے جن میں امریکہ اور یورپی یونین کے اکثریتی ملک شامل ہیں، کوسوو کو ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کیا ہے۔