1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولمبو ميں سيلاب، پانچ لاکھ شہری بے گھر

عاصم سليم20 مئی 2016

سری لنکا ميں شديد بارشوں کے سبب تريسٹھ افراد ہلاک اور کُل مِلا کر تقريباً نصف ملين افراد متاثر ہو چکے ہيں۔ بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے کولمبو ميں بھی قريب پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جا چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IrD0
تصویر: Reuters/D. Liyanawatte

قدرتی آفات سے نمٹنے والے سری لنکن محکمے کے مطابق تازہ پيش رفت ميں کولمبو شہر کے نشيبی علاقوں سے تقريباً پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جا چکا ہے۔ دارالحکومت کے بلدياتی علاقے کی مجموعی آبادی قريب ساڑھے چھ لاکھ ہے۔

دريائے کيلانی کے آس پاس واقع کولمبو کے شمال مشرقی علاقے بارشوں سے سب سے زيادہ متاثر ہوئے۔ ملکی بحريہ کے حکام کے مطابق کولمبو ميں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، جس سبب دريا کی سطح ميں مزيد اضافہ ممکن ہے۔ شہر کے متاثرہ حصوں سے فرار ہو کر محفوظ مقامات تک پہنچنے کے ليے مقامی لوگوں نے ربڑ کی کشتيوں کا سہارا ليا، جس ميں ملکی بحريہ کے اہلکاروں نے بھی ان کی مدد کی۔

سری لنکا ميں پچھلے ہفتے کے اختتام سے شديد بارشوں اور ان کے نتيجے ميں مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے پچيس برسوں ميں ہونے والی شديد ترين بارشوں کے نتيجے ميں کولمبو ميں تين جب کہ ملک بھر ميں کُل تريسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ نيشنل ڈزاسٹر مينجمنٹ سينٹر کے مطابق ملک کے مختلف حصوں ميں بارشوں سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد نصف ملين کے لگ بھگ ہے۔ کئی علاقوں ميں پچاس فٹ يا پندرہ ميٹر تک کيچڑ جمع ہو گئی ہے۔

کولمبو سے ساٹھ ميل شمال مشرق ميں واقع کيگالے ضلع ہے، جہاں مٹی کے تودے گرنے کے دو مختلف واقعات ميں اب تک چونتيس افراد ہلاک ہو چکے ہيں
کولمبو سے ساٹھ ميل شمال مشرق ميں واقع کيگالے ضلع ہے، جہاں مٹی کے تودے گرنے کے دو مختلف واقعات ميں اب تک چونتيس افراد ہلاک ہو چکے ہيںتصویر: Reuters/D. Liyanawatte

اس جزيرے کا سب سے زيادہ متاثرہ حصہ کولمبو سے ساٹھ ميل شمال مشرق ميں واقع کيگالے ضلع ہے، جہاں مٹی کے تودے گرنے کے دو مختلف واقعات ميں اب تک چونتيس افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ ايک علاقائی پوليس اہلکار کے مطابق منگل سے اب تک سينتيس بچوں سميت کُل 144 افراد لاپتہ رپورٹ کيے جا چکے ہيں۔

ملکی صدر ميتھری پالا سری سينا نے ملک کے تمام شہريوں سے اپيل کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کريں۔ انہوں نے اپنے ٹيلی وژن خطاب ميں کہا، ’’ہميں بين الاقوامی برادری ميں اپنے کچھ اتحادی ممالک سے مدد وصول ہوئی ہے۔ تاہم اب ميں اپنے ملک کے شہريوں، کمپنيوں اور غير سرکاری تنظيموں سے اپيل کرتا ہوں کہ وہ متاثرين کی ہر ممکن مدد کريں۔‘‘

دريں اثناء انگلينڈ کا دورہ کرنے والی سری لنکا کی بين الاقوامی کرکٹ ٹيم نے ايک ملين سری لنکن روپے يا سات ہزار ڈالر کی امداد کا اعلان کيا ہے۔ سری لنکا اور انگلينڈ کے مابين پہلا ٹيسٹ ميچ انیس مئی کو شروع ہوا، جس کے آغاز ميں مہمان ٹيم کے کھلاڑی سياہ بينڈ پہن کر ميدان ميں اترے۔

ملکی محکمہ موسميات کے مطابق بارشوں کا يہ سلسلہ جنوب مغربی مون سون بارشوں سے پہلے، خليج بنگال ميں ہوا کے دباؤ ميں کمی کے سبب جاری ہے۔