1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولمبیا میں مسافر طیارہ تباہ، پوری فٹبال ٹیم سمیت 76 ہلاکتیں

29 نومبر 2016

ایک مسافر بردار طیارہ، جس پر برازیل کی ایک فٹ بال ٹیم کے ارکان سمیت اکیاسی افراد سوار تھے، وسطی کولمبیا میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ پانچ مسافر معجزانہ طور پر اس حادثے میں زندہ بچ گئے۔

https://p.dw.com/p/2TR6N
Kolumbien Flugzeugabsturz überlebender Journalist Rafael Henze
تصویر: picture-alliance/dpa/L. E. Noriega

کولمبیا کے شہر میڈیعین کی جانب محوِ پرواز اس چارٹرڈ طیارے میں بہتّر مسافروں کے علاوہ عملے کے نو ارکان بھی سوار تھے۔ برازیل کی ایک نیوز آرگنائزیشن کے مطابق جہاز میں اکیس صحافی بھی سوار تھے۔ خراب موسم کے باعث امدادی ٹیمیں محض سڑک کے راستے جائے حادثہ پر پہنچ پا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ مسافر زندہ بچ گئے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹوں کے مطابق اس مسافر طیارے میں برازیل کی ایک سرکردہ فٹبال لیگ کے کھلاڑی بھی سوار تھے، جو ’جنوبی امریکی کپ‘ نامی لیگ مقابلوں کا فائنل میچ کھیلنے کے لیے جا رہے تھے۔ یہ لیگ یورپی فٹبال لیگ کے مقابلے کی ہے۔

علاقائی پولیس کمانڈر خوزے گیرارڈو کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ چھ افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے ان میں سے بھی ایک دم توڑ گیا۔ باقی تمام افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘

Kolumbien Mediziner vom San Juan de Dios hospital transportieren Fußballer Alan Ruschel
تصویر: Imago/Agencia EFE

متعلقہ فٹ بال کلب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انتظامیہ فی الحال کوئی بھی بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں اور حکام کی جانب سے مزید تفصیلات حاصل ہونے کے انتظار میں ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آنے والے اس حادثے میں  تین کھلاڑی بھی زندہ بچ گئے۔ ہوائی جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق ڈیٹا محفوظ کرنے والے ادارے ’فلائٹ ریڈار24‘ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ فلائٹ نمبر 2933 سے آخری سگنل اس وقت موصول ہوئے تھے، جب یہ جہاز پندرہ ہزار پانچ سو فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اس وقت یہ جہاز اپنی منزل سے صرف تیس کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ کولمبیا میں حکام کے مطابق خراب موسم اور تیز بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ابھی تک اس سانحے میں زندہ بچ جانے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا تھا کہ متاثرہ چاپیکو کلب اس لیگ کے فائنل تک پہنچ پایا تھا۔ اپنی آمدنی کے لحاظ سے چاپیکو کلب برازیل کا اکیسواں بڑا کلب ہے۔ گزشتہ برس اس فٹبال کلب کی آمدنی ساڑھے تیرہ ملین ڈالر رہی تھی۔

جنوبی امریکی فٹ بال فیڈریشن نے اس حادثے کے بعد کھیلوں سے متعلق تمام تر سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔