1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون: رنگا رنگ کارنیوال کا آغاز ہو گیا

4 مارچ 2011

جرمنی میں اور خاص طور پر اِس کے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیہ میں دریائے رائن کے کنارے واقع شہروں میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ سالانہ کارنیوال یا میلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10TPn
جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں بھی کارنیوال کی گہما گہمی ہےتصویر: picture alliance/dpa

کولون، بون اور ملحقہ علاقوں میں آپ کو ان دنوں ہر طرف لوگ رنگین لباس میں مختلف ڈھنگ کے حلیے بنائے، کوئی بحری قزّاق کے روپ میں تو کوئی ڈاکٹر کے، کوئی عربوں کا چوغہ پہنے تو کوئی تتلی، پھول یا پھر کسی سبزی یا پھل کی شکل میں نظر آئیں گے۔ موقع ہے اس سالانہ میلے یا کارنیوال کا، جس کے کولون اور بون میں سب دیوانے ہیں اور جس کا انتظار سب کو سارا سال رہتا ہے۔

لوگ خوب پیتے پلاتے ہیں، رقص کرتے ہیں اور زندگی کے مزے لوٹتے ہیں۔ جی ہاں، اسی لیے کارنیوال کو یہاں سال کا ’پانچواں موسم‘ کہا جاتا ہے۔ پانچواں موسم بہار کا، محبّت کا، رنگوں کا، اور رقص و سرور کا۔

Karneval Combo Flash-Galerie 123
کارنیوال محض تفریح ہی کا نام نہیں بلکہ لوگ اس میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی بروئے کار لاتے ہیںتصویر: DW/Nelioubin

رائن دریا سے متصل شہر اور علاقے اس تہوار میں بڑھ چڑھ کے حصّہ لیتے ہیں تاہم کارنیوال کولون کے نام سے ہی جانا جاتا ہے۔ آپ کو اس کی تھوڑی سی تاریخ بتا دیں۔

Karneval Combo Flash-Galerie 008
کارنیوال محبّت کرنے والوں کے لیے بھی ہےتصویر: DW/Nelioubin

گو کہ کارنیوال کا آغاز سال کے گیارہویں مہینے، یعنی نومبر کی گیارہ تاریخ کو گیارہ بج کر گیارہ منٹ پر ہو جاتا ہے، کارنیوال کا باقاعدہ آغاز اور اصل رنگا رنگی اگلے برس جمعرات کے روز ’ایش ویڈنس ڈے‘ سے قبل شروع ہوتی ہے۔ اس کے لیے کوئی مخصوص مہینہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک طرح کا موسمی تہوار ہے، جو قریباً ہفتہ بھر چلتا ہے۔ یوں سمجھ لیں کہ یہ ہمارے ہاں کے بسنت کے تہوار کی طرح کی ایک چیز ہے۔

اس برس بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ تین مارچ، جمعرات کے روز صبح دس بجے ہی سے تقریبات کا آغاز ہو گیا تھا اور لوگ مرکزی شہر میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے، اور جوں ہی گیارہ بج کر گیارہ منٹ پر سرکاری طور پر کارنیوال کے آغاز کا اعلان کیا گیا تو پورا شہر ’کولون الاف‘ یعنی کولون زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اور پھر شروع ہوا میوزک اور پارٹیز کا وہ سلسلہ، جو پیر کے روز ’روزن مونٹاگ‘ تک چلتا رہے گا۔

Karneval Kölner Dreigestirn Besuch Papst Flash-Galerie
کارنیوال منانے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیںتصویر: picture alliance / dpa

ایسا نہیں ہے کہ صرف کولون میں ہی کارنیوال کا موسم ہے۔ یورپ بھر میں ان دنوں کارنیوال منایا جا رہا ہے اور جشن اور میلوں کا سماں ہے۔ اور کیوں نہ ہو؟ شدید سردی کے بعد جب موسمِ بہار کی آمد آمد ہو تو بھلا لوگ اس کا جشن کیوں نہ منائیں؟

اسپین کے کنیری جزائر میں کچھ اسی طرح کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ، فرانس، اٹلی اور یورپ کے دیگر شہروں میں بھی کارنیوال کے موقع پر خوب گہما گہمی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس

ادارت: امجد علی