1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولکتہ ٹیسٹ: بھارت کی پوزیشن قدرے بہتر

15 فروری 2010

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کولکتہ میں جاری دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بھارت نے مہمان ٹیم پر چھیالیس رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے اور اس کی پانچ وکٹیں اب بھی باقی ہیں۔

https://p.dw.com/p/M1ke
سہواگ نے اپنے کیریئر کی 19ویں سنچری مکمل کیتصویر: UNI
Sachin Tendulkar
سچن نے مسلسل چوتھے ٹیسٹ میں سنچری بناکر اپنے کیریئر کی47 ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کیتصویر: UNI

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں انڈیا کی جانب سے وریندر سہواگ اور سچن تندولکر نے سنچریاں سکور کرکے شراکت میں اپنی ٹیم کے لئے 249 رنز بنائے۔ سہواگ 165 جبکہ سچن تندولکر 106 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ سہواگ نے ناگپور ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری بنائی تھی اور ایڈن گارڈنز میں سنچری سکور کر کے وہ ٹیسٹ میچوں میں اپنی مجموعی سنچریوں کی تعداد انیس تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب سچن نے مسلسل چوتھے ٹیسٹ میں سنچری بناکر اپنے کیریئر کی47 ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیل سٹین، مورنی مورکل، ڈومینی اور ہیرس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کولکتہ ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بھارت نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا کر جنوبی افریقہ پر فی الحال چھیالیس رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ اس سے قبل ہاشم آملا اور آلویرو پیٹرسن کی سنچریوں کے باوجود جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں296 پر آل آوٴٹ ہوگئی تھی۔ ہاشم آملا نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ بھارتی فاسٹ بولر ظہیر خان نے چار جبکہ آف سپنر ہر بھجن سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

Südafrika Sport Cricket Dale Steyn
ڈیل سٹین نے ناگپور ٹسیٹ میں دس وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین مارک باوٴچر زخمی ہونے کے باعث کولکتہ ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے جبکہ کپتان گریم سمتھ نے انگلی میں شدید چوٹ کے باوجود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقی ٹیم اچھے آغاز کے باوجود کولکتہ ٹیسٹ میں بڑا سکور کھڑا کرنے میں ناکام رہی۔ ایک موقع پر 217 کے سکور پر جنوبی افریقی ٹیم کا محض ایک کھلاڑی آوٴٹ تھا، لیکن پھر تسلسل کے ساتھ وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ ایشویل پرنس اور جے پی ڈومینی ایک بار پھر ناکام ہوئے۔

مہمان ساوٴتھ نے ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان بھارت کو ایک اننگز اور چھ رنز سے عبرتناک شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر رکھی ہے۔ سیریز جیتنے کی صورت میں جنوبی افریقہ عالمی کرکٹ کونسل ’آئی سی سی‘ کی درجہء بندی میں پہلے پھر سے نمبر پر آ جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ایجنسیز

ادارت: امجد علی