1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا میں عشروں بعد تشدد کے بدترین واقعے میں پانچ ہلاکتیں

امجد علی23 جنوری 2016

کینیڈا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 23 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم سرِدست نہ تو حملہ آور کی شناخت ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے کہ اس واردات کے محرکات کیا تھے۔

https://p.dw.com/p/1Hil1
Kanada Schießerei in Saskatchewan Schulgebäude
اس تصویر میں کینیڈا کا وہ ہائی اسکول دکھایا گیا ہے، جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Mercredi

یہ واقعہ بائیس جنوری جمعے کی دوپہر پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان حملہ آور نے پہلے اپنے گھر پر اپنے دو چھوٹے بھائیوں کو گولی مار کر ہلاک کیا اور پھر ہائی اسکول میں جا کر ایک خاتون ٹیچر اور اُس کی اسسٹنٹ کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کچھ خبر رساں ادارے مرنے والوں کی تعداد پانچ اور شدید زخمیوں کی دو بتا رہے ہیں۔ اس اسکول میں تقریباً نو سو طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

ٹاؤن کے میئر کیون جانویے نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ اُس کی 23 سالہ بیٹی مَیری اِس اسکول میں ٹیچر تھی، جو فائرنگ سے ہلاک ہو گئی ہے۔ اس الم ناک واقعے پر پورا شہر سکتے اور سوگ کی کیفیت میں ہے۔

حملہ آور کے خاندان کے ایک دوست جو لیمیگر نے بتایا:’’اپنے دو بھائیوں کو ہلاک کرنے کے بعد وہ واپس اسکول گیا، جہاں اُس نے ایک خاتون ٹیچر اور ایک لڑکی کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ میں اس فیملی کو اچھی طرح سے جانتا ہوں۔ ان کی ماں فورٹ میکمری میں کام کرتی ہے اور دادا شاپنگ کرنے مِیڈو لیک گیا ہوا تھا، اسی دوران اُس نے یہ کارروائی کی۔‘‘

گزشتہ چھبیس برسوں میں کینیڈا کے شمالی صوبے سیسکیچوان کے شہر لا لوش میں پیش آنے والا اپنی نوعیت کا یہ بدترین واقعہ ہے۔ کسی اسکول میں ہونے والے اس نوعیت کے بدترین سانحے میں 1989ء میں مانٹریال کے پولی ٹیکنیکل کالج کے چَودہ طالب علم ہلاک ہو گئے تھے۔ 1992ء میں مانٹریال ہی کی کنکارڈیا یونیورسٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مشتبہ حملہ آور کو اسکول کے باہر حراست میں لیا گیا اور یہ کہ اُس کے قبضے سے گن بھی برآمد کر لی گئی۔

Kanada Premierminister Justin Trudeau PK Schießerei in Saskatchewan
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی وژن پر آ کر اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد پانچ ہے، کئی خبر رساں ادارے یہ تعداد چار بتا رہے ہیںتصویر: Reuters/R. Sprich

لا لوش ایک دور دراز پسماندہ چھوٹا سا قصبہ ہے، جس کی آبادی تین ہزار سے کم ہے۔ آبادی کا ایک بڑا حصہ قدیم ریڈ انڈین آبادی پر مشتمل ہے۔ یہاں بیروزاری کی شرح بھی زیادہ ہے۔ یہ دور دراز شہر شمالی صوبے سیسکیچوان کے سب سے بڑے شہر سیسکاٹون سے بھی چھ سو کلومیٹر شمال کی جانب واقع ہے۔

امریکا کے مقابلے میں کینیڈا میں اسلحے کے حوالے سے زیادہ سخت قوانین کے باعث وہاں اس طرح کے فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی رونما ہوتے ہیں۔ سیسکیچوان کا شمار کینیڈا کے اُن صوبوں میں ہوتا ہے، جہاں باقی ملک کے مقابلے میں تشدد کے واقعات کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ جہاں باقی کینیڈا میں ہر ایک لاکھ نفوس میں پُر تشدد واقعات کی اوسط تعداد 243 ہے، وہاں سیسکیچوان میں یہ تعداد دوگنا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید