1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گزشتہ ایک صدی میں ملنے والا سب سے بڑا اور وزنی ہیرا

عابد حسین19 نومبر 2015

افریقی ملک بوٹسوانا کی ایک کان سے ایک انتہائی بیش قیمت ہیرا دریافت کیا گیا ہے۔ کان کی ملکیتی کمپنی کے مطابق دریافت ہونے والے ہیرے کی کوالٹی اور ماہیت انتہائی عمدہ اور شاندار ہے۔

https://p.dw.com/p/1H8vQ
بوٹسوانا سے ملنا والا ایک ہزار قیراط سے زائد وزن کا ہیراتصویر: picture-alliance/dpa/Lucara Diamond Corp / Handout

بوٹسوانا کی کان سے دریافت ہونے والے بیش قیمت ہیرے کا وزن ایک ہزار ایک سو گیارہ قیراط بتایا گیا ہے۔ اِس ہیرے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ گزشتہ ایک سو سال سے زائد عرصے کے دوران دنیا کی کسی بھی کان سے ملنے والا سب سے زیادہ بڑا اور وزنی ہیرا ہے۔ اِس سے قبل سن 1905 میں جنوبی افریقہ کی ایک کان سے اِس سے زائد وزن کا ہیرا نکالا گیا تھا۔ جنوبی افریقی شہر پریٹوریا کے نزدیک واقع کان سے ملنے والے ہیرے کا نام ’کالینَن‘ رکھا گیا تھا اور یہ تین ہزار قیراط سے زائد وزن کا تھا۔ کالینن کو بعد میں کئی ٹکڑوں میں تقسیم کر کے فروخت کیا گیا تھا۔

بوٹسوانا کی کان سے ملنا والا ہیرا اِس لحاظ سے بے مثال ہے کہ یہ انتہائی اعلیٰ کوالٹی کا قرار دیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بوٹسوانا کی کان سے ملنے والا ہیرا ’کالینن‘ ہیرے کی طرح باہر سے کھردرا نہیں ہے۔ جس کان سے گیارہ سو سے زائد قیراط کا ییرا ملا ہے، وہ لُوکارا ڈائمنڈ کارپوریشن کی ملکیت ہے۔ اِس کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ یہ قیمتی پتھر لوکارا کی ملکیتی کارووے کان میں سے ڈھونڈ نکالا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق جدید طریقوں سے ڈھونڈا جانے والا یہ سب سے وزنی ہیرا ہے۔

Blauer Diamant Cullinan
کالینَن ہیرے کو کاٹ کر کئی ہیرے بنائے گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

لوکارا ڈائمنڈ کارپوریشن سویڈن کی اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہے اور اِس ہیرے کی بازیابی کے اعلان کے بعد ڈائمنڈ کمپنی کے حصص میں خاصا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ اضافہ چونتیس فیصد ہوا ہے۔ لوکارا کمپنی کے سربراہ ولیم لیمب کا کہنا ہے کہ ایک ہزار قیراط سے بھی زیادہ وزن کے ہیرے کی تلاش اور پھر حصول انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ باعثِ مسرت بھی ہے۔ اِس ہیرے کی مجموعی مالیت کا اندازہ ابھی نہیں لگایا گیا ہے۔

دوسری جانب کان کنی سے حاصل ہونے والے قیمتی پتھروں کے تجزیہ کار کیرون ہوجسَن کا خیال ہے کہ یہ ایک انتہائی مہنگی ترین شے ہے۔ ہوجسن کے مطابق ہیرے کی قیمت کا تعین بنیادی طور پر اُس کی رنگت، تراش خراش اور ہیت پر کیا جاتا ہے۔ کارووے کان سے رواں ہفتے کے دوران دو خاصے بڑے ہیرے بھی دستیاب ہوئے تھے۔ ان میں ایک آٹھ سو قیراط سے زائد کا ہے اور دوسرا چار سو قیراط کے قریب ہے۔ لیمب نے موجودہ ہفتے کو اپنی کمپنی کے لیے انتہائی شاندار اور حیران کن ہفتہ قرار دیا ہے۔

بوٹسوانا دنیا میں دوسرا بڑا ملک ہے، جس کی کانوں میں سے ہیروں کی دستیابی ہوتی رہتی ہے۔ اِس ملک میں بھی سب سے وزنی ہیرے کی تلاش کا سہرا لوکارا کمپنی کو جاتا ہے۔