1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گزشتہ عالمی کپ میں آئرلینڈ سے ہوئی شکست کی یاد تازہ ہو گئی، آفریدی

3 مارچ 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ روز کینیڈا جیسی کمزور ٹیم نے ایک موقع پر تو انہیں 2007ء کے عالمی کپ مقابلوں میں آئرلینڈ کے ہاتھوں ہوئی عبرتناک شکست جیسی صورتحال سے خوفزدہ کردیا تھا۔

https://p.dw.com/p/R6BC
تصویر: AP

کولمبو کے پریما داسا میدان پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 43 اوورز میں صرف 184 رنز کے معمولی سکور پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کا کوئی بلے باز نصف سنچری تک نہ بنا سکا اور عمر اکمل 48 رنز کے ساتھ سر فہرست رہے۔ مصباح الحق نے 37 جبکہ آفریدی نے 20 رنز بنائے۔ مبصرین کے مطابق کینیڈا کی بولنگ نے پاکستان کی بیٹنگ لائن میں کمزوریوں کو عیاں کرکے ایک ’اچھی ویک اپ‘ کال دی ہے۔

کینیڈا کی ٹیم بڑی امید کے ساتھ 185 رنز کے بظاہر معمولی ہدف کے تعاقب میں جب میدان میں اتری تو یہی معلوم ہو رہا تھا کہ شائد یہ میچ بھی انگلینڈ اور آئرلینڈ کے میچ کی طرح ایک اپ سیٹ ثابت ہو گا۔ اگرچہ کینیڈا کا ٹاپ آرڈر جلد پویلین لوٹ گیا تاہم مڈل آرڈ کی مزاحمت نے پاکستانی ٹیم کے لیے خطرے کے گھنٹیاں بجادیں۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Akmal
عمر اکملتصویر: APImages

اس موقع پر کپتان آفریدی نے ایک بار پھر متاثر کن گیند بازی کا مظاہرہ کرکے کینیڈا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آفریدی دس اوورز میں 23 رنز دے کر پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستانی کپتان نے اب تک کے تمام تین میچوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ کینیڈا کی تمام ٹیم 42.5 اوورز میں 138 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔

میچ کے بعد آفریدی کا کہنا تھا،’بلے بازوں نے نہایت بری کارکردگی دکھائی، اگر ہمیں اچھی ٹیموں کے خلاف بہتر کھیلنا ہے تو اس شعبے میں بہتری لانی ہوگی‘۔

اگرچہ گروپ اے میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے تاہم طالب علم اور شوقیہ کرکٹرز پر مشتمل کینیڈا کی ٹیم کے خلاف حالیہ کارکردگی کے بعد اس سے ورلڈ کپ جیتنے کی بہت کم امیدیں باندھی جارہی ہیں۔ پاکستانی ٹیم کا اگلا اہم مقابلہ 8 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔

کوچ وقار یونس کا کینیڈا کے خلاف میچ کے بعد کہنا تھا، ’’کھیل کے درمیانی حصے میں ہم پریشان تھے تاہم ہمیں اپنی طاقت کا پتہ تھا، ہمیں علم تھا کہ ہماری بولنگ اتنی اچھی ہے کہ اس مجموعے کا دفاع کرسکے‘۔ وقار یونس نے بھی بیٹنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں