1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلیمرس گائتری دیوی کی کروڑوں کی جائیداد کا تنازعہ حل

عابد حسین24 ستمبر 2015

بھارت کے انتہائی گلیمرس اور فیشن ایبل حلقوں میں شمار کی جانے والی خاتون گائتری دیوی کی جائیداد اُن کے پوتے پوتی کو سپریم کورٹ نے دے دی ہے۔ گائتری دیوی سابقہ بھارتی ریاست جے پور کے مہاراجہ خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1GcTR
مہارانی گائتری دیوی کی آخری عمر کی تصویرتصویر: Getty Images/AFP/C. Archambault

سابقہ ریاست جے پور کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی گائتری دیوی کی وفات کے بعد جائیداد کی تقسیم کا تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ پر اِسے مسلسل غیرمعمولی کوریج دی جاتی رہی ہے۔ اِس جائیداد کے تنازعے پر بھارتی سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو بحال رکھا ہے۔ جائیداد کے مقدمے میں گائتری دیوی کے پوتے دیوراج سنگھ اور پوتی للیتا کماری کو اُن کے سوتیلے پوتے پوتیوں کا سامنا تھا۔

گائتری دیوی کی جائیداد کی مالیت کا اندازہ 200 سے لے کر 400 ملین ڈالر تک لگایا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ جائیداد کے اصل وارث پہلے ہی محروم رہے ہیں اور وہ جے محل اور رام باغ محل کے علاوہ دوسری کمپنیوں کے جائز حقدار ہیں۔

دیوراج سنگھ نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ جے پور خاندان کے کئی حصے دار آج بھی جے پور شہر میں واقع کئی اہم عمارتوں اور حویلیوں پر اپنی ملکیت ظاہر کرتے ہیں۔ دیوراج سنگھ اور للیتا کماری نے اپنا بچپن اور ابتدائی عمر تھائی لینڈ میں گزاری ہے۔

گائتری دیوی کا اکلوتا بیٹا جگت سنگھ سن 1997 میں کثرتِ شراب نوشی کی وجہ سے انتقال کر گیا تھا۔ اس کے اپنی تھائی بیوی سے تعلقات کشیدہ رہے۔ اٹھائیس برس کا دیوراج سنگھ اور تیس سالہ للیتا دیوی بنکاک میں زندگی گزارتے رہے ہیں۔ گائتری دیوی نے اپنے تین سوتیلے بیٹوں کی پرورش بھی کی تھی اور اُنہی کی اولاد کے خلاف دیوراج سنگھ اور للیتا کماری نے مقدمہ دائر کر رکھا تھا۔

گائتری دیوی کو گزشتہ صدی کی انتہائی پُرکشش اور حسین وجمیل خواتین میں شمار کیا جاتا تھا۔ اُن کی رحلت نوّے برس کی عمر میں سن 2009 میں ہوئی تھی۔ جے پور کی مہارانی کو فیشن ایبل میگزین ’ووگ‘‘ نے دنیا کی حسین ترین عورتوں میں شمار کیا تھا۔ انہیں اپنے وقت کا جدید فیشن اختیار کرنے پر بھارتی جیکولین کینیڈی اوناسس کہا جاتا تھا۔

Maharani von Jaipur Gayatri Devi
مہاراجہ سوائے مان سنگھ اور مہارانی گائتری دیوی کی ایک یادگار تصویرتصویر: AP

مہارانی گائتری دیوی نے سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھا لیکن کامیابی اُن کے نصیب میں نہیں آئی۔ انہوں نے سابقہ وزیراعظم اور مقبول سیاستدان اندرا گاندھی کے خلاف کانگریس سوانترا پارٹی قائم کی تھی۔ جے پور شہر میں وہ ’راج ماتا‘ کے نام سے جانی پہچانی اور پکاری جاتی تھیں۔

گائتری دیوی کا اپنا تعلق بھی کُوچ بہار کی ریاست کے مہاراجہ سے تھا۔ اُن کا جنم ایک شہزادی کے طور پر ہوا تھا۔ بارہ سالہ گائتری دیوی کو اکیس برس کے مہاراجہ سوائے مان سنگھ ثانی پسند آ گئے تھے۔ گیاتری دیوی سے شادی کرنے سے قبل مہارجہ سوائے مان سنگھ دو شادیاں رچا چکے تھے۔ وہ پولو کے مشہور کھلاڑی تھے اور اُن کی موت بھی پولو کھیلنے کے دوران ہوئی۔

گائتری دیوی مَے نوشی کی محفلوں میں شرکت اور خریداری کے لیے اپنے ذاتی ہوائی جہاز پر لندن آنے جانے کی وجہ سے بھارتی اشرافیہ میں خاص شہرت رکھتی تھیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں