1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گولڈن گلوب ایوارڈز، ’تھری بل بورڈز‘ کی بڑی کامیابی

عاطف بلوچ، روئٹرز
8 جنوری 2018

75 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب تقسیم انعامات کی شاندار محفل میں بہترین فلم کا ایوارڈ ’تھری بل بورڈز‘ کو ملا جبکہ بہترین کامیڈی یا میوزیکل فلم کا ایوارڈ ’لیڈی برڈ‘ کے حصے میں آیا۔

https://p.dw.com/p/2qURn
USA Golden Globes 2018 | Laura Dern, Nicole Kidman, Zoe Kravitz, Reese Witherspoon und Shailene Woodley
تصویر: Reuters/L. Nicholson

اتوار سات جنوری کی رات امریکی شہر لاس اینجلس میں 75 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز  کی تقریب کی ایک نمایاں بات یہ تھی کہ تمام شرکاء سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے، جس کا مقصد حالیہ برسوں کے دوران جنسی طور پر ہراساں کی گئی خواتین کے ساتھ اظہار یک جہتی تھا۔

اس موقع پر تمام فلمی ستاروں نے اپنے بیانات میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلم انڈسٹری میں اس عمل کو ختم کرنے کی خاطر سبھی کو متحد ہونا پڑے گا۔ ہالی ووڈ میں حالیہ جنسی اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد گولڈن گلوب ایوارڈز ہالی ووڈ کا پہلا بڑا ایونٹ تھا، اس لیے اس دوران اس موضوع پر زیادہ توجہ مرکوز رہی۔

امسالہ گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں  بہترین فلم کا انعام ’تھری بل بورڈز‘ کو دیا گیا جبکہ بہترین کامیڈی یا میوزیکل فلم کا ایوارڈ ’لیڈی برڈ‘ کے حصے میں آیا۔ ڈرامہ فلم Darkest Hour میں عمدہ کارکردگی پر گیری اولڈ مین کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور ’تھری بل بورڈز‘ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فرانسَیس میک ڈورمنڈ کو ملا۔

کامیڈی یا میوزیکل فلم میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیمز فرانکو کو دیا گیا۔ جیوری کے مطابق فلم The Disaster Artist میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسی وجہ سے اس انعام کے حقدار قرار پائے۔ اسی کیٹیگری میں بہترین اداکارہ کا انعام لیڈی برڈ میں عمدہ پرفارمنس دینے والی Saoirse Ronan کے حصے میں آیا۔

گولڈن گلوب ایوارڈز کو ہالی ووڈ کی فلم انڈسٹری میں انتہائی اہم اور معتبر مقام حاصل  ہے۔ کئی ناقدین کے مطابق اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی فلموں اور اداکاروں کے لیے آسکر ایوارڈز حاصل کرنے کی راہ بھی ہموار ہو جاتی ہے۔