1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کر لیا، شمالی کوریا

عاطف توقیر روئٹرز، اے ایف پی
3 ستمبر 2017

شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ’ہائیڈروجن بم‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے اور اب یہ جوہری بم بین البراعظمی میزائلوں پر نصب کیا جا سکتا ہے۔ پیونگ یانگ حکومت نے اسے ’اہم ترین موقع‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2jHB3
Nordkorea Kim Jong Un bei Besuch einer Fabrik für Nuklearwaffen
تصویر: Reuters/KCNA

شمالی کوریا کی مرکزی نیوز ایجنسی پر ایک خصوصی اعلان میں کہا گیا کہ یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق اتوار تین ستمبر کو بعد دوپہر ساڑھے بارہ بجے کیا گیا جو ’مکمل طور پر کامیاب‘ رہا۔

اس سے قبل جاپان نے تصدیق کر دی تھی کہ شمالی کوریا نے اپنا چھٹا جوہری تجربہ کیا ہے۔ دریں اثناء متعدد جیولوجیکل ایجنسیوں نے شمالی کوریا کی جوہری تجربات کی سائٹ کے قریب غیرعمومی ’زلزلے‘ کے جھٹکے کی اطلاع بھی دی ہے۔

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ شمالی کوریا کا جوہری تجربہ ٹوکیو حکومت کے لیے ’ناقابل قبول‘ ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے اپنے ہاں سکیورٹی الرٹ کا درجہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے نیوکلیئر کرائسز ٹیموں کو سرگرم کر دیا ہے اور تائیوان کی صدر سائی اِنگ وین نے بھی قومی سلامتی سلامتی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

Nordkorea Kim Jong Un bei Besuch einer Fabrik für Nuklearwaffen
میڈیا رپورٹوں کے مطابق کم جونگ اُن نے ہائیڈروجن بم کی تیاری کے مرکز کا دورہ بھی کیاتصویر: Reuters/KCNA

اس تجربے سے قبل پیونگ یانگ کے میڈیا سے ایسے مناظر نشر کیے گئے تھے، جن میں بتایا گیا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے میزائلوں پر نصب کیے جانے کے لیے تیار ہائیڈروجن بم کا معائنہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کے خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بم ’سینکڑوں‘ کلو ٹن کے حامل دھماکا خیز مواد کے برابر کی طاقت کا حامل ہے اور زمین کی سطح سے اوپر ہی اس کا دھماکا کیا جا سکتا ہے۔

اتوار کے روز امریکی جیولوجیکل سروے نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ شمالی کوریا کے شمال مشرقی حصے میں جوہری تجربات کی سائٹ کے قریب چھ اعشاریہ تین کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، ’’زلزلے کا یہ ریکارڈ کیا جانے والا جھٹکا ممکنہ طور پر کسی دھماکے کی وجہ سے تھا۔‘‘

جنوبی کوریا کے ادارہ برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے اس چھٹے جوہری تجربے کی وجہ سے پیدا ہونے والا یہ ’مصنوعی زلزلہ‘ اس کے پانچویں ایٹمی دھماکے سے نو اعشاریہ آٹھ گنا زیادہ طاقت ور تھا۔ شمالی کوریا نے سمتبر 2016 میں اپنا پانچواں جوہری تجربہ کیا تھا۔