1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالی وُڈ اداکارہ لنڈسے لوہن کو سزائے قید

8 جولائی 2010

بیورلی ہلز کی ایک عدالت نے ہالی وُڈ کی چوبیس سالہ خوبرو اداکارہ لنڈسے لوہن کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر نوے روز کی سزائے قید کا حکم سنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/ODeW
تصویر: AP

جس وقت لنڈسے لوہن کو سزا سنائی گئی، عدالت کسی فلم کا سا منظر پیش کر رہی تھی۔ سزا سنتے ہی اس اداکارہ نے اپنی وکیل کے کندھوں سے لگ کر رونا شروع کر دیا۔ لوہن تین سال پہلے مختصر مدت کے اندر اندر دو مرتبہ نشے کی حالت میں کار ڈرائیو کرتے ہوئے پکڑی گئی تھی اور اُس نے عدالت کی طرف سے عائد کردہ شرائط کی بار بار خلاف ورزی کی تھی۔

خاتون جج مارشا ریول نے فیصلہ دیا کہ قید کی اس سزا پر عملدرآمد کا آغاز بیس جولائی سے ہو گا۔

یہ سزا پوری کرنے کے بعد لنڈسے لوہن کو شراب نوشی اور منشیات کے ناجائز استعمال کے علاج کے لئے نوے روز کے ایک خصوصی پروگرام میں بھی شرکت کرنا ہو گی۔ جج نے اداکارہ کو ایک ایسے شخص کے مماثل قرار دیا، جو ’دھوکہ دہی کا مرتکب ہوتا ہے لیکن خود اُسے دھوکہ دہی محض تبھی سمجھتا ہے، جب پکڑا جائے‘۔

Flash - Galerie Lindsay Lohan
لوہن مئی سن 2007ء میں شہر لاس اینجلس کے مشہور سن سیٹ بلیوارڈ میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے پکڑی گئی تھیںتصویر: AP

مقدمے کی کارروائی کے دوران لنڈسے لوہن نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ عدالتی احکامات کی پاسداری کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے:’’مَیں اِسے مذاق نہیں سمجھتی، یہ میری زندگی ہے۔ یہ میرا کیریئر ہے اور وہ سب کچھ ہے، جس کے لئے مَیں زندگی بھر کام کرتی رہی ہوں۔‘‘ عدالتی فیصلہ سنتے ہی اِس اداکارہ کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے اور اُس نے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپا لیا۔

لوہن مئی سن 2007ء میں شہر لاس اینجلس کے مشہور سن سیٹ بلیوارڈ میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے پکڑی گئی تھیں۔ بعد ازاں اُس نے کثرتِ شراب نوشی کا علاج بھی کروایا لیکن دو ہی ماہ بعد اُسے سانتا مونیکا میں نشے کی حالت میں کار چلانے اور کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ اِس کی پاداش میں اُسے چوراسی منٹ جیل میں رہنا پڑا، دس گھنٹے کی سماجی خدمات بھی سرانجام دینا پڑیں اور اُس کے لئے شراب نوشی کے خصوصی کورسوں میں شرکت بھی لازمی قرار دی گئی۔

عدالت اور اِن کورسز سے بار بار غیر حاضر رہنے پر اِس سال مئی میں لنڈسے لوہن کو پاؤں میں ایک ایسی زنجیر پہننے پر مجبور کیا گیا، جو شراب نوشی کی صورت میں الارم بجا دیتی تھی۔ جون کے اوائل میں ایک بار یہ الارم بجنا شروع ہو گیا اور لوہن گرفتار ہونے سے بال بال بچی۔ اب اِس اداکارہ اور گلوکارہ کو اپنی سزائے قید شروع ہونے تک یہ زنجیر پہنے رکھنا ہو گی۔

Film Lindsay Lohan
لوہن کو کم سنی میں ہی ’فریکی فرائیڈے‘، ’پیرینٹ ٹریپ‘ اور ’ہیربی فُلی لوڈڈ‘ جیسی فلموں سے زبردست شہرت مل گئی تھیتصویر: AP

ایک وقت تھا کہ ہالی وُڈ میں ابھرتی ہوئی اداکارہ لنڈسے لوہن سے بے پناہ توقعات وابستہ کی جا رہی تھیں تاہم وقت کے ساتھ ساتھ وہ مختلف وجوہات کی بنا پر نت نئے سکینڈلز میں ملوث ہوتی چلی گئی۔ اُسے کم سنی میں ہی ’فریکی فرائیڈے‘، ’پیرینٹ ٹریپ‘ اور ’ہیربی فُلی لوڈڈ‘ جیسی فلموں سے زبردست شہرت مل گئی تھی۔ آگے چل کر اُس نے میرل سٹریپ اور جین فونڈا جیسی نامور اداکاراؤں کے بالمقابل بھی فلموں میں اداکاری کی۔ لنڈسے لوہن کی اِس سزائے قید سے فلم ’انفیرنو، اے لِنڈا لولیس سٹوری‘ کی تیاری تاخیر کا شکار ہو جائے گی، جس میں یہ اداکارہ مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید