1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالی وُڈ کا لیجنڈری اسٹوڈیو چینی شہری نے خرید لیا

مقبول ملک12 جنوری 2016

چین کے امیر ترین شہری کی ملکیت وانڈا کاروباری گروپ نے ساڑھے تین ارب ڈالر کے عوض ہالی وُڈ کا بہت سی انتہائی کامیاب فلمیں بنانے والا لیجنڈری اینٹرٹینمنٹ اسٹوڈیو خریدنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HbiU
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Dela Pena

چینی دارالحکومت سے منگل بارہ جنوری کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق وانڈا گروپ اور اس تاریخ ساز امریکی فلم اسٹوڈیو کے مابین معاہدے پر دستخط آج بیجنگ میں کیے گئے۔ وانڈا گروپ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ ہالی وُڈ اسٹوڈیو آج تک ’جیورَیسک ورلڈ‘ اور ’گوڈزیلا‘ جیسی بہت سی انتہائی کامیاب فلمیں بنا چکا ہے۔

مجموعی طور پر اس امریکی فلم اسٹوڈیو کی تیار کردہ فلمیں آج تک دنیا بھر میں 12 بلین ڈالر سے زائد کا کاروبار کر چکی ہیں۔ ہالی وُڈ کے اسی اسٹوڈیو کی تیار کی گئی دیگر فلموں میں ’پیسیفک رِم‘ اور کچھ عرصہ قبل بنائی گئی تین پروڈکشنز پر مشتمل سیریز ’بَیٹ مین‘ بھی شامل ہیں۔ یہ سب فلمیں بہت زیادہ سرمائے سے بنائی گئی اور ایکشن سے بھرپور ایسی زبردست فلمیں تھیں، جو چینی شائقین میں بہت مقبول رہی تھیں۔

Roland Emmerich Regisseur Filmszene Godzilla Film
تصویر: picture-alliance/dpa/Tristar

وانڈا گروپ چین میں کئی بہت بڑے بڑے کاروباری اداروں پر مشتمل ایک بزنس گروپ ہے، جس کے مالک وانگ جیان لِن ہیں، جو چین کے امیر ترین شہری ہیں۔ اس چینی بزنس گروپ کے جاری کردہ بیان کے مطابق لیجنڈری اینٹرٹینمنٹ کی خریداری کسی چینی کمپنی کا ثقافتی شعبے میں بین الاقوامی سطح پر آج تک کیا جانے والا سب سے بڑا سودا ہے۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ چینی تاریخ کی اس سب سے بڑی ’کلچرل بزنس ڈیل‘ کی دستاویز پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وانڈا گروپ کے سربراہ وانگ جیان لِن نے کہا، ’’امریکی فلم کمپنیوں کو بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں انتہائی اعلیٰ مقام حاصل ہے لیکن لیجنڈری اینٹرٹینمنٹ کی خریداری سے یہ صورت حال بدل جائے گی۔‘‘

وانڈا گروپ کی طرف سے ہالی وُڈ کا ایک بہت کامیاب فلم اسٹوڈیو خرید لینے سے قبل 1989ء میں الیکٹرانک مصنوعات تیار کرنے والے جاپانی ادارے سونی کارپوریشن نے بھی امریکا کی کولمبیا پکچرز کو خرید لیا تھا۔ اس کے علاوہ ابھی چند ہفتے قبل ہی آن لائن کاروبار کرنے والے ایک بہت بڑے چینی ادارے علی بابا نے بھی ہانگ کانگ سے شائع ہونے والا اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ خرید لیا تھا۔

اس تناظر میں اپنے بزنس گروپ کی طرف سے لیجنڈری اینٹرٹینمنٹ کی خریداری کے بارے میں وانگ جیان لِن نے آج بیجنگ میں کہا کہ یہ کاروباری ڈیل ’بیجنگ کی طرف سے بین الاقوامی سطح پر اپنے ثقافتی اثر و رسوخ میں اضافے کی کوششوں کا نتیجہ‘ نہیں ہے۔

بیجنگ میں آج اس کاروباری ڈیل پر دونوں کمپنیوں کے وکلاء نے دستخط کیے اور اس موقع پر وانڈا گروپ کے سربراہ وانگ جیان لِن اور لیجنڈری اینٹرٹینمنٹ کے چیئرمین اور سی ای او ٹامس ٹَل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وانگ جیان لِن نے کہا، ’’میں بنیادی طور پر صرف کاروباری مفادات پر توجہ دیتا ہوں۔‘‘