1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ 2010ء: پاکستان پُر اعتماد

26 فروری 2010

عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ شروع ہونے میں اب محض دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں ہاکی شائقین کی نظریں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے میچ پر مرکوز ہیں۔

https://p.dw.com/p/MD5p
پاکستانی کپتان ذیشان اشرفتصویر: AP

اٹھائیس فروری کو نئی دہلی کے دھیان چند نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جہاں بھارتی ٹیم کو ہوم کراوٴڈ کا فائدہ ہو سکتا ہے وہیں پاکستانی ٹیم چاہے گی کہ اپنے روایتی حریف کو ہرا کر ٹورنامنٹ میں ایک اچھا اور پُر اعتماد آغاز کرے۔

Pakistanischer Hockeyspieler Sohail Abbas
پینلٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباستصویر: AP

پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان اپنی ٹیم کی تیاری سے پوری طرح مطمئن نظر آ رہے ہیں اور پر اعتماد بھی ہیں کہ پاکستان بھارتی ٹیم کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائے گا۔’’ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں نے اچھی پریکٹس کی ہے اور ان کا فوکس پوری طرح ورلڈ کپ پر ہے۔ ہم چاہیں گے کہ اس ٹورنامٹنٹ کو جیتنے کے لئے اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں۔‘‘

چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے اگرچہ بلند نظر آر ہے ہیں تاہم ساتھ ہی انہیں یہ احساس بھی ہے کہ مقابلہ ہرگز آسان نہیں ہے۔

Indien Hockey Team
بھارتی ہاکی ٹیمتصویر: AP

پاکستانی ہاکی ٹیم میں کپتان ذیشان اشرف، پینلٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس اور ریحان بٹ جیسے مایہ ناز کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستانی مداحوں کو بھی یقین ہے کہ یہ کھلاڑی پاکستان کو پانچواں ورلڈ کپ ٹائٹل دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ہیرو ہونڈا ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل بارہ ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جرمنی، ارجنٹائن، کینیڈا،کوریا، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ پول ’اے‘ میں ہیں جبکہ بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، سپین، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ہاکی ٹیموں کو پول ’بی‘ میں رکھا گیا ہے۔

1982ء میں بھارتی شہر ممبئی میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ پاکستان نے جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی سٹار کھلاڑی حسن سردار نے ریکارڈ گیارہ گول سکور کئے تھے۔ اب اٹھائیس سال بعد پاکستانی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر موقع ملا ہے کہ عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھارت میں ہی حاصل کر سکے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک