1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی: کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا سلسلہ جاری

14 نومبر 2009

اگلے سال نئی دہلی میں کھیلے جانے والے ہاکی کے ورلڈ کپ کے لئے مزید دو ٹیموں کے انتخاب کے سلسلے میں کوالیفائنگ راؤنڈ کا سلسلہ جاری ہے۔ سن 2010 کے ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/KX3Y
جرمن ہاکی ٹیم سن دو ہزار چھ کے ورلڈ کپ کے ساتھتصویر: AP

نیوزی لینڈ کے شہر Invercargil میں ملائیشیا کی ٹیم نے چین کی ہاکی ٹیم کو حیران کُن انداز میں شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ چین کی ہاکی ٹیم اگر میچ برابر بھی رکھ سکتی تو وہ ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر سکتی تھی۔ مگر ملائشیا کی ہاکی ٹیم کے زوردار کھیل نے چینی کھلاڑیوں کو بےبس کردیا تھا۔ چینی ہاکی ٹیم اِن دنوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ وہ اب ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا جس میں میزبان نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم کو ملائشیا کی ٹیم کا سامنا ہو گا۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ملائشیا کی ٹیم میزبان ملک کو اپنے کھیل سے پریشان کر سکتی ہے۔

تیسری ٹیم کے انتخاب کا ٹورنامنٹ ارجنٹائن کے شہرQuilmes میں آج یعنی چودہ نومبر سے شروع ہو گیا ہے۔آخری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بائیس نوبمر کو کھیلا جائے گا۔کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم ہی ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرتی ہے۔ شریک ٹیموں میں میزبان ارجنٹائن کے علاوہ چلی، آئر لینڈ، امریکہ، بیلجئم اور چیک جمہوریہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

Hockey Spieler mit Ball und Schläger
ہاکی کھیل کا منظرتصویر: AP

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں کُل بارہ ٹیمیں شرکت کر یں گی۔ آٹھ ٹیموں کے علاوہ بھارتی ٹیم کو بطور میزبان ورلڈ کپ کھیلنے کا حق حاصل ہو چکا ہے۔ تین ٹیموں کے مزید انتخاب کا سلسلہ جاری ہے۔ اِس ماہ کے شروع میں پاکستان کی ہاکی ٹیم فرانسیسی شہر لیل میں کوالیفائنگ راؤنڈ جیت کر ورلڈ کپ کے لئےکوالیفائی کر چکی ہے۔

پاکستان کی ہاکی ٹیم نے آخری بار سن اُنیس سو چورانوے میں ہاکی ورلڈ کپ کو جتیا تھا۔ اِس کے بعد کھیلے گئے اگلےتین ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم میڈل ٹیبل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کو چار بار اِسے جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ہالینڈ کی ہاکی ٹیم نے تین بار ورلڈ کپ جیت رکھا ہے۔ پاکستان اور جرمنی کی ٹیموں کو مسلسل دو بار ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ جرمنی ہاکی ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپیئن ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کی ہاکی ٹیموں نے ایک ایک بار ورلڈ کپ کو جیت رکھا ہے۔

نئی دہلی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہاکی کا ورلڈ کپ اگلے سال اٹھائیس فروری سے شروع ہو گا۔ یہ مارچ میں شروع ہونا تھا لیکن اب نئی تاریخ کے تحت کھیلا جائے گا۔ کُل بارہ ٹیمیں شریک ہوں گے۔ اب تک دس ملکوں کی شرکت یقینی ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ارجنٹائن ہی میں سالٹا کے مقام پر کھیلے جانے والے چیمپیئن چیلنج ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پاکستانی ہاکی ٹیم کی سلیکشن کے سلسلے میں ابتدائی پچیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ارجنٹائن میں ہاکی کا یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ چھ سے تیرہ دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں لگایا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ