1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن کا دورہ افریقہ، آج نائجیریا کے حکام سے ملاقاتیں

12 اگست 2009

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن آج نائجیریا میں ابوجہ حکام سے ملاقات کریں گی۔ متوقع طور پر ہلیری کلنٹن نائجیریا میں بدعنوانی کے خاتمے اور انتخابی عمل میں اصلاحات جیسے موضوعات پر بات چیت کریں گی۔

https://p.dw.com/p/J7zf
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

نائجیریا خطے میں تیل پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ ہلیری کلنٹن کی ابوجہ آمد سے قبل نائب امریکی وزیر خارجہ برائے افریقی امور جونی کارسن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نائجیریا بلاشبہ زیریں صحارا کا سب سے اہم ملک ہے۔

ہلیری کلنٹن ان دنوں افریقی ممالک کے دورے پر ہیں۔ نائجیریا سے قبل انہوں نے عوامی جمہوریہ کانگو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملک کے شورش زدہ علاقوں میں جنسی زیادتیوں کے واقعات کی مذمت کی۔

Hillary Clinton im Kongo
ہلیری کلنٹن کی کنشاسا آمدتصویر: AP

انہوں نے اس افریقی ملک میں جنسی زیادتیوں کی روک تھام اور متاثرین کے علاج کے لئے 17 ملین ڈالر کی امریکی امداد کا اعلان بھی کیا۔ ان میں سے 10 ملین ڈالر جنسی زیادتی کے متاثرین کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی تربیت پر خرچ کئے جائیں گے۔

ہلیری کلنٹن نے عوامی جمہوریہ کانگو کے صدر جوزف کابیلا سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والوں کے لئے کوئی معافی نہیں ہونی چاہئے۔

ہلیری کلنٹن نے کانگو کے مشرقی شہر گوما میں ایک پناہ گزین کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں خانہ جنگی کے متاثرین 18 ہزار مرد ، خواتین اور بچے عارضی طور پر رہائش پذیر ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین سے بھی ملاقات کی۔

ہلیری کلنٹن نے کانگو حکام پر زور دیا کہ جنگ کے ایک ہتھیار کے طور پر جنسی زیادتی کے استعمال کا خاتمہ کیا جائے۔ گوما میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے جنسی زیادتی کو ایک بدترین جبر قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق 1996 ء میں فسادات کے بعد سے اب تک کانگو کے مشرقی علاقوں میں دو لاکھ خواتین جنسی زیادتیوں کا نشانہ بن چکی ہیں۔

افریقی ممالک کے دورے کے آغاز پر ہلیری کلنٹن جنوبی افریقہ اور انگولا گئیں تھیں۔ انہوں نے انگولا کے صدر Jose Eduardo Dos Santos سے ملاقات کی اور ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر زور دیا۔ صدر سانتوس وہاں تقریبا 35 برس سے عہدہ صدارت سنبھالے ہوئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اتوار کو دارالحکومت لوآنڈا میں اپنے ہم منصب Assuncao Dos Anjos کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں اُمید ظاہر کی تھی کہ انگولا میں بروقت، آزاد اور شفاف انتخابات کرائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ساتھ ملک کے لئے نئے آئین کی تشکیل اور ماضی میں ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کے خلاف تحقیقات کے بعد مقدمات قائم کرنا بھی ضروری ہے۔

تیل کی دولت سے مالا مال انگولا ہلیری کلنٹن کے دورہ افریقہ کا تیسرا پڑاؤ تھا۔ اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقہ میں صدر زوما سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ افریقہ کو پرامن، ترقی کی جانب گامزن اور خوشحال براعظم دیکھنا پریتوریا اور واشنگٹن کا مشترکہ مقصد ہے۔

رپورٹ: ندیم گل

ادارت: عاطف بلوچ