1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم یورپین ایک ہیں: رومپوئے

10 نومبر 2010

یورپی یونین کا قیام دنیا کا کامیاب ترین منصوبہ ۔ اگر یورپی یونین میں شامل ستائیس ممالک دُنیا میں اپنی اہمیت منوانا چاہتے ہیں، تو اُنہیں آپس میں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

https://p.dw.com/p/Q5P1
تصویر: AP

مختلف تنظیموں کی کوششوں سے ہر سال نو نومبر کو برلن میں یورپی یونین سے متعلق ایک تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس تقریب میں اس مرتبہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے علاوہ یورپی یونین کونسل کے صدر ہیرمان فان رومپوئے بھی شریک تھے۔ یورپی یونین کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا۔

"یورپی یونین کا قیام 1945 ء سے لے کر آج تک دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب اور سب سے زیادہ آزاد خیال منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی وجہ سے آج پورا براعظم متحد ہے۔ یہ منصوبہ لوگوں کے لئے امن اور خوشحالی لے کر آیا ہے۔ آج ہماری یورپی یونین میں پانچ سو ملین شہری رہ رہے ہیں۔ اور یہ لوگ آنے والے کل کے لئے ایک بنیاد ہیں۔ اسی بنیاد پر ایک بہتر یورپ تعمیر کیا جائے گا۔"

ہیرمان فان رومپوئے کا کہنا تھا کہ سابق مشرقی بلاک کے ممالک کے ساتھ آجانے سے واقعی ایک متحدہ یورپ وجود میں آ گیا ہے۔ ان کے مطابق ابھی یورپی یونین کو مزید کئی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان اقدامات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ سابق یوگوسلاویہ کے ممالک کو بھی ساتھ ملایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اتحاد سے یورپ مزید ترقی کرے گا۔ وہ کہتے ہیں۔٫

Herman van Rompuy Die Europa-Rede Berlin Pergamonmuseum
ہیرمان فان رومپوئے بروزمنگل کو برلن میں خطاب کرتے ہوئےتصویر: AP

" یورپی یونین میں مغربی بلقان کی شمولیت سے یورپ کی طویل تاریخ کی آخری خانہ جنگی بھی ختم ہو جائے گی۔ وہ تمام افراد، جو یہ کہتے ہیں کہ جنگ کی تاریخ بہت پرانی ہے اور وہاں مکمل طور پر امن قائم نہیں ہو سکتا ، ان کے لئے جواب یہ ہے کہ موجودہ نوجوان نسل ان سوالوں سے بہت دور آ چکی ہے۔ وہ لوگ ان علاقوں میں جائیں اور نوجوانوں سے پوچھیں۔"

تاہم یونین میں ترکی کی ممکنہ شمولیت کے بارے میں ہیرمان فان رومپوئے خاموش ہی رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یورپی یونین کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی سے متعلق بحث کی ضرورت نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مستقبل میں کئے جانے والے فیصلوں پر تمام ممالک متفق ہوں۔ ابھی حال ہی میں یورپی یونین کی ایک سربراہ کانفرنس کے موقع پر جرمنی اور فرانس نے اکیلے ہی ایک مشترکہ تجویز پر اتفاق کر لیا تھا، جس پر یونین کے دیگر ممالک نے تنقید کی تھی۔ ہیرمان فان رومپوئے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر یورپی یونین میں شامل ستائیس ممالک دُنیا میں اپنی اہمیت منوانا چاہتے ہیں، تو اُنہیں آپس میں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں